موٹروے پولیس نے شرقپور کے قریب جلتی ہوئی وین سے 11 بچوں سمیت تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا

بڑا حادثہ ٹل گیا، ایم تھری پر شارٹ سرکٹ، ملک بھر کی مختلف موٹرویز پر بارش کا سلسلہ جاری۔

November 12, 2026 · اہم خبریں

موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی سے جلتی ہوئی وین میں سوار مسافروں اور بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی سے جلتی ہوئی وین میں سوار مسافروں اور بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

لاہور سے ملتان جانے والی ایک ہائی ایس وین میں موٹروے ایم تھری پر شرقپور کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وین میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد مسافر سوار تھے، جن میں 11 بچے بھی شامل تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے تمام مسافروں بالخصوص بچوں کو جلتی ہوئی وین سے بحفاظت باہر نکال لیا جس سے ایک بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث متعدد موٹرویز پر موسم خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم موٹروے پولیس نے مسافروں کو دوران سفر انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ موٹروے پولیس کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایم ون موٹروے پر اسلام آباد سے پشاور تک بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کلرکہار سے اسلام آباد تک وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔

مزید برآں، سوات ایکسپریس وے پر کرنل شیر خان سے کاٹلنگ تک، ڈی آئی خان موٹروے پر کوٹ فتح سے دریائے سندھ تک، اور ہزارہ ایکسپریس وے پر ہری پور سے ایبٹ آباد تک بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 یا نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے ذریعے تازہ ترین سفری صورتحال سے متعلق لازمی معلومات حاصل کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں