مولانا فضل الرحمان کے ساتھ تحریک چلانا ابھی قبل از وقت ہے،  بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ تحریک چلانا ابھی قبل از وقت ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کی خواہش تھی کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیاسی اتحاد قائم ہو، تاہم فی الحال ان کے ساتھ مشترکہ تحریک شروع کرنے کا فیصلہ قبل از وقت ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ دونوں جماعتیں جوائنٹ اپوزیشن کا حصہ ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقاتوں کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس کے معاملات پر تبادلہ خیال تھا۔ مشترکہ اپوزیشن میں مولانا اور پی ٹی آئی ایک ساتھ ہیں، لیکن اس سیاسی ہم آہنگی کو تحریک کی شکل دینے کے لیے ابھی وقت موزوں نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل میں ملاقاتوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم خوش آئند ہے اور امید ہے کہ اس مرتبہ عدالتوں کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی انتخابی عمل کا بائیکاٹ نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ان انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

دریں اثنا سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو گزشتہ رات آنکھ میں انجکشن لگوانے کے لیے پمز اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم پر فوری اور مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بانی چئیرمین کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ بانی چئیرمین کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا عدالتی حکم بھی تاحال نافذ نہیں کیا گیا۔ میڈیکل بورڈ میں بانی چئیرمین کے ذاتی معالج اور خاندان کے ایک فرد کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر تقریباً 3 ماہ گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ بانی چئیرمین کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔ بانی چئیرمین کے جامع طبی معائنے، ضروری ٹیسٹ اور مناسب علاج کو یقینی بنایا جائے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر مزید تاخیر کے بغیر اس کی روح اور الفاظ کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں