اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کا 30واں اجلاس آج شروع ہوگا

اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔

November 15, 2026 · اہم خبریں, قومی

اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کا 30واں اجلاس آج شروع ہوگا

اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کا 30واں اجلاس آج شروع ہوگا

 اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے، جو کل بھی جاری رہے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔

اجلاس میں ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ سطح کے وفود، تنظیم کے سیکریٹریٹ اور ذیلی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ وزارتی اجلاس سے قبل رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں، جاری منصوبوں اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران وزارتی اجلاس کا ایجنڈا اور مجوزہ دستاویزات بھی حتمی شکل دی جائیں گی۔

پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی صدارت کر رہا ہے اور اس دوران تنظیم کی سرگرمیوں کو ’’علاقائی تعاون کی بحالی، مضبوط اور مستحکم ای سی او‘‘ کے موضوع کے تحت آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی ترجیحات میں علاقائی رابطوں اور معاشی تعاون کو فروغ دینا، رکن ممالک کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانا اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں شامل ہیں۔

پاکستان خود کو خطے میں تجارتی اور مواصلاتی رابطوں کا اہم مرکز بنانے، سامان کی ترسیل اور رسد کے نظام کو بہتر بنانے اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات بھی کرے گا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنے والے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے علاقائی تعاون اور مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں شرکت کے لیے شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارتغرلو اوغلو بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر وزارت خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں