بیک وقت حکومت کے مزے اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے،عطا اللہ تارڑ کا بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل

ریفرنڈم آئینی طریقہ کار ہے، صوبوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات

November 17, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے،ریفرنڈم آئین کا حصہ اور آئینی طریقہ کار ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور گورننس کی بہتری سے متعلق بحث کو نہیں روکا جا سکتا، آخر عوام کیا چاہتے ہیں، اس کا فیصلہ میں نے یا آپ نے نہیں بلکہ عوام نے کرنا ہے۔

اُنہوں  نے کہا کہ عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں، ہم خود کو سسٹم کی کمزوریوں سے الگ نہیں رکھ سکتے، ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے اور عوام کی رائے کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے سوال اٹھایا کہ کیا لوگوں کو گورننس کی بہتری کے لیے بات کرنے سے روک دیا جائے؟

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم آئین کا حصہ اور ایک آئینی طریقہ کار ہے، اس میں کیا حرج ہے؟ جب عوامی رائے سامنے آئے گی تو یہ کوئی چور دروازہ نہیں ہوگا، ریفرنڈم کے معاملے میں عوام کا بہترین مفاد مدنظر رکھا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں۔ اس کی کوئی گنجائش نہیں. نیب کے اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے، اہم مسئلہ صوبوں کے حوالے سے بحث ہے، صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا۔

انھوں نے کہاکہ جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہئے، ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے، گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے، پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیئے جائیں، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں