ترک کمانڈر کی ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف

دوطرفہ دفاعی تعاون، فضائی اور ایئرو سپیس کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال

November 17, 2026 · اہم خبریں, قومی

فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی جب کہ ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون، فضائی اور ایئرو سپیس کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری مضبوط تزویراتی تعلقات میں تبدیل ہو چکی ہے، جبکہ دفاع اور ایئرو اسپیس کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

فوٹو آئی ایس پی آر

ایئر چیف نے ترک فضائیہ کو پائلٹوں کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور استعداد کار بڑھانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دلکران نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی تجربے کو سراہا، انہوں نے پاک فضائیہ کی جدت طرازی اور مقامی سطح پر ایئرو اسپیس ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔

مزید برآں ترک کمانڈر نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے آپریشنل تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں