نئی دہلی: گنے کی قیمتوں میں اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ملک کی مختلف ریاستوں میں کسان تنظیموں نے احتجاج تیز کر دیا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے گنے کی مناسب اور منافع بخش قیمت (ایف آر پی) میں حالیہ 10 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کھیتی کی بڑھتی ہوئی لاگت کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گنے کی قیمت پیداواری لاگت کے ساتھ کم از کم 50 فیصد منافع شامل کرکے مقرر کی جائے۔
آل انڈیا کسان سبھا (اے آئی کے ایس) کے ایک وفد نے جمعرات کو وزارت امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی جانب سے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کو اس سلسلے میں ایک میمورنڈم پیش کیا۔ کمیٹی گنے کے کسانوں اور چینی کی صنعت سے متعلق مسائل کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس کی صدارت نیتی آیوگ کے سابق رکن رمیش چند کر رہے ہیں۔
کسان سبھا نے حکومت کے فیصلے کو غیر سائنسی اور غلط مفروضوں پر مبنی قرار دیا ہے۔ مرکزی حکومت نے 2026-27 کے شوگر سیزن کے لیے 10.25 فیصد بنیادی ریکوری شرح والے گنے کی ایف آر پی 365 روپے فی کوئنٹل مقرر کی ہے، جو گزشتہ قیمت کے مقابلے میں 10 روپے زیادہ ہے۔ اس نظام کے تحت چینی کی ریکوری شرح زیادہ ہونے پر کسانوں کو اضافی قیمت ملتی ہے، جب کہ شرح کم ہونے کی صورت میں قیمت میں کٹوتی کی جاتی ہے۔
کسان تنظیموں نے حکومت کے اس دعوے پر بھی سوال اٹھایا ہے کہ کسانوں کو ان کی پیداواری لاگت سے 100.5 فیصد زیادہ قیمت مل رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایف آر پی کے تعین میں استعمال ہونے والے اے 2 پلس ایف ایل فارمولے میں اپنی زمین کے کرایے اور مستقل سرمایہ پر سود جیسے اہم اخراجات شامل نہیں کیے جاتے۔ تنظیموں نے سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گنے کی قیمت سی 2 پیداواری لاگت کے ساتھ کم از کم 50 فیصد منافع شامل کرکے طے کی جائے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت گنے کی مناسب اور منافع بخش قیمت (ایف آر پی) مقرر کرتی ہے، جب کہ ریاستی حکومتیں اپنی سطح پر ریاستی مشاورتی قیمت (ایس اے پی) طے کرتی ہیں، جو عموماً مرکزی حکومت کی مقرر کردہ قیمت سے زیادہ ہوتی ہے۔
اے آئی کے ایس کے صدر راجن کشیرساگر نے الزام لگایا کہ موجودہ قیمتیں کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہیں، جب کہ کارپوریٹ گھرانوں اور چینی مل مالکان کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ کرناٹک، ہریانہ اور مہاراشٹر سمیت کئی گنا پیدا کرنے والی ریاستوں میں کسان اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ چینی، ایتھنول اور دیگر ضمنی مصنوعات سے ہونے والے منافع میں بھی کسانوں کو مناسب حصہ دیا جائے۔
کسان تنظیموں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ گنے کی قیمت کھیت ہی پر طے کی جائے، تاکہ کٹائی اور نقل و حمل کا خرچ کسانوں پر نہ پڑے۔ اس کے علاوہ گنے کی ریکوری کے بنیادی معیار میں تبدیلی، وزن کرنے کے عمل میں شفافیت اور چینی ملوں سے بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، بھارتیہ کسان یونین (مان) کی ہریانہ اکائی کے صدر گنی پرکاش ٹھاکر نے اعلان کیا ہے کہ ان کی تنظیم اس معاملے کو وزیر اعلیٰ کے سامنے اٹھائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی مشاورتی قیمت میں محض 15 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کسانوں کے ساتھ مذاق ہے، کیونکہ مزدوری، کھاد، کیڑے مار ادویات اور ڈیزل سمیت تمام زرعی اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔