ملت پارک میں پیش آنے والا واقعہ، قانونی کارروائی کی درخواست دائر، وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کی اپیل۔
معروف گلوکارہ شازیہ منظور جن کے گھر پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔
لاہور میں معروف گلوکارہ شازیہ منظور کے رہائشی مکان پر مسلح افراد کی جانب سے دھاوا بولنے اور زبردستی قبضے کی کوشش کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ پولیس کو جمع کرائی گئی درخواست کے متن کے مطابق نعمان، فیصل اور دیگر مسلح افراد نے زبردستی گھر میں گھس کر قابض ہونے کی کوشش کی اور گلوکارہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
گلوکارہ شازیہ منظور نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ فیاض رامے کے توسط سے تھانہ ملت پارک میں باضابطہ تحریری درخواست جمع کرا دی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ملزمان نے اسلحے کے زور پر جائیداد کی زبردستی دستاویزات پر دستخط کروانے کے لیے شدید دباؤ ڈالا۔ درخواست میں مبینہ حملے کے ثبوت کے طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور پولیس حکام سے اپیل کی گئی ہے کہ نامزد ملزمان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دریں اثنا، واقعے کے بعد جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو بیان میں شازیہ منظور کا کہنا تھا کہ ان کی پراپرٹی کا معاملہ پہلے ہی عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور ان کے سابق منیجر نواز کے بیٹے انہیں مسلسل ٹیلی فون پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، انہیں فوری طور پر تحفظ فراہم کیا جائے اور قانون شکنی کرنے والے عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے۔