کسی بھی گاڑی پر کھلنے والے سولر پینل لگ سکیں گے، ایڈوانس بکنگ شروع

گاڑی پارک کرنے کے بعد محض 10 سیکنڈ میں یہ سسٹم کھل کر 14 سے 15 فٹ تک پھیل جاتا ہے اور بھرپور دھوپ جذب کرتا ہے

November 23, 2026 · امت خاص

فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

لاس اینجلس: الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری چارج کرنے اور اضافی رینج حاصل کرنے کے لیے امریکی کمپنی ڈارٹ سولر نے ایک منفرد اور جدید ماڈیولر سولر روف ریک سسٹم متعارف کراتے ہوئے اس کی ایڈوانس بکنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس جدید نظام کی بدولت اب تقریباً کسی بھی الیکٹرک کار، ایس یو وی، وین یا کیمپر پر کھلنے والے سولر پینل باآسانی نصب کیے جا سکیں گے۔

لاس اینجلس میں قائم کمپنی نے کئی سال کی تحقیق کے بعد سلائیڈنگ سولر ماڈیولز کا یہ سسٹم تیار کیا ہے۔ گاڑی چلتے وقت یہ پینلز بند رہتے ہیں اور چھت سے محض ڈیڑھ انچ اونچے ہونے کی وجہ سے ہوا کی مزاحمت پیدا نہیں کرتے جبکہ سفر کے دوران بھی اوپری پینل بجلی بناتا رہتا ہے۔ گاڑی پارک کرنے کے بعد محض 10 سیکنڈ میں یہ سسٹم کھل کر 14 سے 15 فٹ تک پھیل جاتا ہے اور بھرپور دھوپ جذب کرتا ہے۔

ہر ماڈیول میں تین انتہائی باریک پینلز شامل ہیں جو 500 واٹ بجلی پیدا کرتے ہیں۔ ایک عام سیڈان گاڑی پر دو ماڈیولز (1,000 واٹ) جبکہ بڑی گاڑیوں اور وینز پر تین سے چار یا اس سے زائد ماڈیولز (1,500 سے 2,000 واٹ یا زیادہ) لگائے جا سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق صاف موسم میں ایک 500 واٹ کا یونٹ روزانہ تقریباً 2,500 واٹ آور بجلی بناتا ہے جو گاڑی کو 6 سے 7 میل اضافی فاصلہ طے کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اسی طرح 1,000 واٹ کا سیٹ اپ روزانہ 10 سے 20 میل تک اضافی رینج فراہم کرتا ہے، جبکہ چار ماڈیولز کا بڑا سیٹ اپ 24 سے 30 میل تک کا فاصلہ طے کرنے کے لیے کافی بجلی فراہم کر سکتا ہے۔

ان پینلز کو لگانے کے لیے گاڑی کی چھت میں سوراخ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی، بلکہ یہ عام کراس بارز پر چند منٹوں میں فٹ ہو جاتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں اتار کر کیمپنگ کے دوران الگ سے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ براہِ راست ایکس ٹی 60 (XT60) ساکٹ کے ذریعے کسی بھی پورٹیبل پاور اسٹیشن (جیسے ایکوفلو، بلوئیٹی یا اینکر) سے منسلک ہو جاتے ہیں، جس سے گاڑی چارج کرنے کے ساتھ ساتھ لائٹس، اوزار اور دیگر برقی آلات بھی چلائے جا سکتے ہیں۔
 محض ایک انچ کے آٹھویں حصے جتنے باریک ان پینلز کو اولوں اور کنکروں سے بچانے کے لیے 4 ملی میٹر موٹے پولی کاربونیٹ شیل اور ایلومینیم فریم سے محفوظ کیا گیا ہے۔ کمپنی نے اس کے پلاسٹک پرزوں کے ڈیزائن بھی اوپن لائسنس کے تحت جاری کیے ہیں تاکہ صارفین خود تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے متبادل پرزے بنا سکیں۔
اس سسٹم کو 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر آزمایا گیا ہے، تاہم کمپنی نے تنصیب کے بعد گاڑی 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک چلانے کا مشورہ دیا ہے۔ کمپنی نے 500 واٹ کے سنگل یونٹ کی قیمت 1,350 ڈالر مقرر کی ہے اور دسمبر 2026 کے آخر تک اس کی مفت ترسیل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں