کراچی میں زیرتعمیر6منزلہ عمارت گرگئی، ایک جاں بحق ۔ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن

ہیوی مشینری طلب کرلی گئی

November 25, 2026 · اہم خبریں

تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

 

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر عمارت منہدم ہوگئی۔حادثے کےنتیجے میں ایک شخص کی موت واقع ہونے کی اطلاع ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت کے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی ، 4 زخمی افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، زخمیوں کی شناخت نادر حسین، شوکت علی، احمد،نوید ولد مسافت خان،نور اللہ،اورعزیز الحق ولد حبیب الرحمان کے نام سے ہوئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ، متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونےکی اطلاع ہے۔

وزیرمحنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ زیر تعمیر عمارت میں مزدوز کام کر رہے تھے وہ پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ملبے تلےدبے افراد کو نکالنے کے لیے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

چیئرمین آباد محمد حنیف گوہر نے بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ عمارت گرنے کے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق 6 منزلہ عمارت گرنے سے قبل ہلنا شروع ہوگئی تھی، ملبہ ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی فنشنگ ہورہی تھی ، عمارت میں کوئی بھی رہائش پذیر نہیں تھا۔

گرنے والی عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )کے مطابق پلاٹ پر گراؤنڈ پلس 5 عمارت تعمیر تھی، رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں۔

متاثرہ عمارت میں مبینہ طور پر غیر قانونی فلیٹ نما رہائشی پورشنز تعمیر کیے جا رہے تھے، عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں