اہم خبر، امریکی میڈیا کا دعویٰ، صدر ٹرمپ نے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کا ایک منظر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے جنگ کے خاتمے کے لیے سخت گیر ایرانی رہنماؤں کو قتل کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایرانی سخت گیر قیادت کو نشانہ بنانے کی یہ تجویز اس سے قبل بھی زیرِ غور رہی ہے، تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے اس آپشن پر زیادہ سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا خیال ہے کہ سخت گیر ایرانی قیادت کو ہدف بنا کر دیگر رہنماؤں کو جنگ کے خاتمے پر قائل کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ سخت گیر قیادت کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں ایران کی مصلحت پسند قیادت بھی سخت مؤقف اختیار کر سکتی ہے، جس سے مذاکرات کی تمام راہیں مکمل طور پر بند ہونے کا خطرہ ہے۔
امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فی الحال اس تجویز کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے امریکا کے پاس جنوری کے آخر تک فنڈز موجود ہیں۔ انہوں نے کانگریس میں ڈیموکریٹس کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے جنگ روکنے کی کوشش کی تو امریکا کی مبینہ فوجی کامیابی شکست میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام تباہ ہو چکے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید واضح کیا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کبھی ان کا بنیادی مقصد نہیں رہا بلکہ ان کی اصل ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔