پاکستان اور مالدیپ کا تجارت، سیاحت اور ہوا بازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اہم ملاقات، قومی ایئرلائن جلد پروازیں شروع کرے گی، وزیر داخلہ سے گفتگو۔

November 25, 2026 · اہم خبریں

وزیر داخلہ محسن نقوی اور مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین ملاقات کے دوران۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین ملاقات کے دوران۔

 

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، کھیل، صحت، تجارت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے۔

ملاقات کے دوران مالدیپ کے وزیر سیاحت نے اعلان کیا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہلی براہِ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر سلیبریٹیز مالدیپ جائیں گے کیونکہ پاکستانی سلیبریٹیز وہاں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ براہِ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر انتہائی آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اس اقدام سے مالدیپ میں پاکستانی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے آگاہ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی تاکہ مقامی نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔

مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر، تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور صفائی کے نظام کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے قدرتی مناظر دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے اور یہ شہر حقیقی معنوں میں ٹورازم کیپٹل سٹی بننے کے بھرپور مواقع رکھتا ہے۔ تجارتی اور معاشی روابط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے ماہر افرادی قوت کا خیرمقدم کریں گے، جبکہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء کی درآمد کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔ ملاقات میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں