نئی دہلی/کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے بدھ کے روز ملک میں غذائی قلت برقرار رہنے کے معاملے پر نریندر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے خواتین اور بچوں میں بڑے پیمانے پر خون کی کمی اورمائیکرونیوٹری اینٹس کی کمی سے متعلق سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے تغذیہ سے متعلق پروگراموں کے لیے مختص ہزاروں کروڑ روپے کے استعمال پر سوال اٹھائے۔
حکومت کی جانب سے ہندوستان کے آبادیاتی فوائد سے استفادہ کرنے کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ پالیسی اعلانات اور فلاحی اقدامات کے باوجود لاکھوں خواتین اور بچے بدستور غذائی قلت کا شکار ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے غذائی بحران کی سنگینی کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت کی اپنی آئی سی ایم آر۔ سمپدا رپورٹ کے نتائج کا حوالہ دیا۔
کھرگے کے حوالے سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، تولیدی عمر کی 55.9 فیصد خواتین خون کی کمی کا شکار تھیں، جبکہ تقریباً دو تہائی نوعمر لڑکیوں اور لڑکوں میں وٹامن بی 12 کی کمی پائی گئی۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایک سے چار سال کی عمر کے 42 فیصد بچے خون کی کمی کا شکار تھے۔
کھرگے نے نشاندہی کی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں صورت حال خاص طور پر تشویش ناک ہے، جہاں مبینہ طور پر تولیدی عمر کی 66 فیصد خواتین اور کم عمر بچوں میں سے 57 فیصد خون کی کمی کا شکار ہیں۔
خون کی کمی کے معاملات کے ایک بڑے حصے کو معمولی قرار دے کر مسئلے کی سنگینی کم دکھانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ تولیدی عمر کی تقریباً 30 فیصد خواتین درمیانی یا شدید درجے کی خون کی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے تازہ ترین قومی خاندانی صحت سروے (این ایف ایچ ایس۔ 6) سے منسوب نتائج کا بھی حوالہ دیا، جن کے مطابق ہندوستان کے تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن کے ہیں اور ہر پانچ میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔
کھرگے نے حکومت کی اہم تغذیہ اسکیموں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے مالیاتی تخصیص، جاری کردہ فنڈز اور حقیقی اخراجات کے درمیان فرق کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ ان کے حوالے سے پیش کیے گئے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق، سکشم آنگن واڑی، پوشن 2.0 اور ان کی سابقہ اسکیموں کے تحت چھ مالی سال کے دوران 1.13 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ جاری کیے گئے۔
تاہم، انہوں نے الزام لگایا کہ پوشن 2.0 کے تحت جاری کیے گئے اور استعمال کیے گئے فنڈز کے درمیان فرق صرف چار برسوں میں 2,500 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصل پوشن ابھیان کے تحت جاری کیے گئے تقریباً 44 فیصد فنڈز بھی استعمال نہیں کیے جاسکے۔
کانگریس صدر نے مزید الزام لگایا کہ خواتین اور بچوں کی ترقی کے لیے حکومت کا بجٹ میں مالی عزم برسوں کے دوران کمزور ہوا ہے۔ ان کے مطابق، مرکزی بجٹ میں اس کا حصہ تقریباً نصف رہ گیا ہے، جو 2015-16 میں 0.96 فیصد تھا اور 2025-26 میں کم ہوکر کر 0.50 فیصد رہ گیا۔
کھرگے نے سوال کیا، ”مودی حکومت کے 12 برسوں کے بعد، تغذیہ کی متعدد اسکیموں، فورٹیفائیڈ چاول اور آئرن سپلیمنٹ پروگراموں کے باوجود جواب دہی کہاں ہے؟” انہوں نے بار بار حکومتی اقدامات کے باوجود غذائی اجزا کی کمی برقرار رہنے پر جواب طلب کیا۔
ہندوستان میں غذائی قلت اور خون کی کمی صحت عامہ کے بڑے مسائل بنے ہوئے ہیں، خاص طور پر خواتین، نوعمر لڑکیوں اور کم عمر بچوں میں۔ حکومت نے 2018 میں پوشن ابھیان شروع کیا تھا، جس کا مقصد مختلف وزارتوں کے درمیان تال میل، ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی اور تغذیہ خدمات کی بہتر فراہمی کے ذریعے غذائی قلت کے خلاف کوششوں کو مضبوط بنانا تھا۔ بعد ازاں اس پروگرام کو مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 کے تحت شامل کیا گیا، جس کا مقصد آنگن واڑی نیٹ ورک کو مضبوط بنانا اور اضافی تغذیہ، نشوونما کی نگرانی اور تغذیہ سے متعلق تعلیم فراہم کرنا ہے۔
حکومت نے آئرن اور فولک ایسڈ کی اضافی خوراک، غذائی اشیا کو غذائیت سے بھرپور بنانے اور کمزور طبقات کو ہدف بنا کر تغذیہ کی مدد فراہم کرنے جیسے اقدامات بھی کیے ہیں۔ تاہم، کھرگے کی جانب سے اجاگر کیے گئے اعداد و شمار نے ان اقدامات کی افادیت، مختص فنڈز کے استعمال اور نتائج کی نگرانی سے متعلق سوالات کو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
غذائی اجزا کی مسلسل کمی کو پروگراموں کے غیر استعمال شدہ فنڈز اور بجٹ میں گھٹتے ہوئے مختص حصے سے جوڑ کر کھرگے نے توجہ فلاحی اسکیموں کے اعلانات سے ہٹا کر ان پر عمل درآمد اور ان کے قابل پیمائش اثرات کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی ہے۔ ان کا بنیادی موقف ہے کہ سرکاری اخراجات کا حجم اور تغذیہ سے متعلق اقدامات کی تعداد اس وقت تک کامیابی کا پیمانہ نہیں بن سکتی، جب تک ان سے ہندوستان کی خواتین اور بچوں کی صحت میں ٹھوس بہتری نہ آئے۔