جموں/جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ نلین پربھات نے ریاسی ضلع سے تعلق رکھنے والے پاکستان میں مقیم پانچ مبینہ ملی ٹینٹوں کی 28 کنال 14.5 مرلہ اراضی منسلک کرنے کی پیشگی منظوری دے دی ہے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات میں سامنے آیا کہ مذکورہ افراد ملی ٹینسی سرگرمیوں کے لیے رقم حاصل کرنے کی غرض سے اپنی جائیدادیں فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
دستیاب حکم نامے کے مطابق یہ منظوری غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کی دفعہ 25کے تحت پولیس اسٹیشن مہور میں درج ایف آئی آر نمبر 70/2024کے سلسلے میں دی گئی ہے۔حکم نامے کے مطابق پانچ ملزمان کی شناخت محمد قیوم عرف عبدالقویوم ولد غلام محمد ساکن شدول، تحصیل مہور، بشیر احمد عرف معصوم ولد قمر دین ساکن بدر، شوکت علی ولد روشن دین ساکن ہندر، تحصیل ارناس، منظور احمد عرف منظور حسین ولد محمد دین ساکن کھانتی، تحصیل تھرو اور امتیاز احمد ولد محمد مقبول ساکن تھرو، تحصیل تھرو کے طور پر کی گئی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پانچوں ملزمان اسلحہ اور گولہ بارود کی تربیت حاصل کرنے کے لیے پاکستان چلے گئے تھے اور سرحد پار سے خطے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو دوبارہ فعال کرنے کی کوششوں میں ملوث تھے۔تحقیقات کے مطابق ملزمان اپنی زیرِ ملکیت اراضی فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو مبینہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
منسلک کی جانے والی جائیدادوں میں محمد قیوم کی شدول میں 2 کنال 7.5 مرلہ، بشیر احمد کی بدر میں 3 کنال 8 مرلہ، شوکت علی کی ہندر میں 3 کنال 10 مرلہ، منظور احمد کی کھانتی میں 15 کنال 19 مرلہ اور امتیاز احمد کی تھرو میں 3 کنال 10 مرلہاراضی شامل ہے۔ڈی جی پی نے یو اے پی اے کی دفعہ 25 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان جائیدادوں کو منسلک کرنے کی پیشگی منظوری دی۔ حکم نامے میں ان جائیدادوں کو یو اے پی اے کی دفعہ 2(1)(g)(ii)کے تحت ملی ٹینسی سے حاصل شدہ آمدنی/اثاثوں کے زمرے میں قرار دیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق یہ ایف آئی آر 29 نومبر 2024کو درج کی گئی تھی، جب پولیس اسٹیشن مہور کو اطلاع موصول ہوئی کہ مہور اور چسانہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 30 افراد 1991 سے 2003 کے درمیان پاکستان چلے گئے تھے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ افراد حزب المجاہدین کے لیے کام کرتے تھے، اسلحہ، گولہ بارود اور رقم فراہم کرنے کے علاوہ مقامی نوجوانوں کو مبینہ طور پر ملی ٹینسی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور بھرتی کرنے کی کوششوں میں بھی ملوث تھے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments