نئی دہلی/ہندستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ کی ایک عمارت پر منگل کو ہونے والے اس حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں دو ہندستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے بدھ کے روز جاری ایک بیان میں اس حملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور سعودی عرب میں شہری، اقتصادی اور توانائی کے ڈھانچے کو نشانہ بنا کر کیے جا رہے مسلسل حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندستان نے کہا ہے کہ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔ ہندستان کا ماننا ہے کہ اس طرح کے حملوں سے عام شہریوں کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کو بھی کمزور کرتے ہیں۔
ہندستان نے سعودی عرب کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں و مقیم افراد کی سلامتی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ہندستان نے امید ظاہر کی کہ خطے میں جلد امن اور معمول کے حالات بحال ہوں گے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments