دبئی: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے مِیٹ صارفین خوشخبری سنادی، ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارم گوگل میٹ کے ویب ورژن پر 1080 پی (فل ایچ ڈی) ویڈیو اسٹریمنگ کی سہولت تمام صارفین کے لیے مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے اب کسی پیڈ سبسکرپشن کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
رپورٹس کے مطابق گوگل نے 23 نومبر کو جاری کردہ اپ ڈیٹ میں بتایا کہ اب مفت صارفین بھی گوگل میٹ پر فل ایچ ڈی کوالٹی میں ویڈیو کالز کی سہولت سے مستفید ہوسکیں گے، یہ سہولت اس سے قبل صرف گوگل ورک اسپیس کے پیڈ صارفین اور دو ٹی بی پلان والے گوگل ون صارفین کو مہیا تھی۔
اس فیچر کے استعمال کے لیے صرف ایسا ہارڈویئر درکار ہوگا جو 1080 پی ویڈیو کو سپورٹ کرتا ہو۔ یہ سہولت ڈیفالٹ کے طور پر فعال ہوگی اور صارفین کو اسے الگ سے آن کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، تاہم، وہ گوگل میٹ کی ویڈیو سیٹنگز میں جاکر اسے بند بھی کرسکتے ہیں۔
گوگل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر کسی شریکِ گفتگو کی ویڈیو اسکرین چھوٹی ہوجائے تو ویڈیو کی ریزولوشن خودکار طور پر کم ہوسکتی ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9 ٹو 5 گوگل کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اپ ڈیٹ بظاہر صرف گوگل میٹ کے ویب ورژن کے لیے جاری کی گئی ہے جبکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس پر فی الحال اس کا اطلاق نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے تمام صارفین کے لیے 1080 پی ویڈیو اسٹریمنگ کی سہولت 11 نومبر سے مرحلہ وار متعارف کرانا شروع کی تھی۔