یوم آئین کے موقع پر 26 نومبر کو کانگریس ملک بھر میں ’سمودھان رکشا مارچ‘ نکالے گی، کھڑگے لکھنؤ میں ہوں گے شریک

الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف اپوزیشن پہلے ہی حملہ آور ہے۔ اب کانگریس نے کل 26 نومبر کو ’سمودھان رکشا مارچ‘ (آئین کے تحفظ کے لیے مارچ) نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مارچ کانگریس کارکنوں کے ذریعہ ملک بھر میں نکالا جائے گا۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے لکھنؤ میں منعقد ہونے والے مارچ میں شرکت کریں گے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے یہ اطلاع دی۔ وینوگوپال نے کہا کہ ’’لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ووٹ چوری کے دستاویزی ثبوت ملک کے سامنے پیش کیے ہیں۔ مہادیوپورہ میں فرضی اور دوہرے اندراجات، الند میں ہزاروں اصلی ووٹروں کے نام فہرست سے حذف کرنے کی منظم کوششیں اور ہریانہ سمیت دیگر ریاستوں میں سنگین بے ضابطگیاں، یہ سب انتخابی فہرست میں بڑے پیمانے پر کی گئی منظم دھاندلی کی عکاسی کرتی ہیں۔‘‘

کے سی وینوگوپال نے ایس آئی آر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’بہار اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کی کی خصوصی گہری نظرثانی شروع کی تھی۔ دوسرے مرحلے میں اس عمل کو 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک پھیلایا گیا، جبکہ تیسرے مرحلے میں 16 ریاستوں اور 3 مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک پہنچ گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’صرف بہار کی مسودہ ووٹر فہرست سے 65 لاکھ سے زیادہ نام ہٹائے گئے، جبکہ تینوں مراحل کو ملا کر اب تک 13 کروڑ سے زیادہ نام حذف کیے جا چکے ہیں۔ اس سے سب سے زیادہ خطرہ غریبوں، دلتوں، قبائلیوں، اقلیتوں، مہاجر مزدوروں اور شادی کے بعد اپنا گھر تبدیل کرنے والی خواتین کو ہے۔‘‘

وینوگوپال نے الیکشن کمشنرز کا انتخاب کرنے والی کمیٹی پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’قانون میں ترمیم کر کے چیف جسٹس کو الیکشن کمشنرز کی انتخابی کمیٹی سے ہٹا دیا گیا، جس سے الیکشن کمشنرز کی تقرری میں حکومت کا فیصلہ کن عمل دخل ہو گیا۔ اس کے علاوہ ایک اور ترمیم کے ذریعے الیکشن کمشنرز کو ان کے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے لیے امیونٹی فراہم کر دی گئی۔‘‘ کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ مارچ کا آغاز ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یا مہاتما گاندھی کے مجسمے کے قریب سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :

پارٹی نے کہا کہ ’’کانگریس کارکن اور شہری مل کر آئین کی تمہید پڑھیں گے۔ اس دوران وہ انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے اقدار کو یاد کریں گے، جنہیں آئین میں شامل کیا گیا ہے اور آئین کے تحفظ کا عہد کریں گے۔‘‘ کانگریس نے کہا کہ ’’اس کے کارکن ہر پولنگ بوتھ تک جائیں گے اور ان ووٹروں کی شناخت کریں گے، جن کے نام فہرست سے حذف کر دیے گئے ہیں۔ پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو ووٹ دینے کا حق واپس دلانے میں مدد کرے گی۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں