تاریخی منظوری، مصنوعی ذہانت کا فروغ، اسٹار شپ کا کامیاب تجربہ ہوگا۔
اسپیس ایکس کی جانب سے خلا میں سیٹلائٹس بھیجنے کے منصوبے کا ایک منظر۔
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) نے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے مجوزہ اسٹارمائنڈ سیٹلائٹ نیٹ ورک کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت خلا میں 10 لاکھ تک آربیٹل کمپیوٹنگ ماڈیولز بھیجے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال کے آغاز میں اسپیس ایکس نے خلا میں 10 لاکھ سیٹلائٹس بھیجنے کی اجازت طلب کی تھی، جن کے ذریعے بڑی مقدار میں ڈیٹا پراسیس کیا جائے گا اور اسے زمین پر مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ ایف سی سی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ امریکا میں مصنوعی ذہانت کی غیر معمولی ترقی کے اس اہم دور میں اسپیس ایکس کو اتنی بڑی تعداد میں مداری کمپیوٹنگ ماڈیولز نصب کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ بڑے پیمانے پر ڈیٹا پراسیس کیا جا سکے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد خلا میں ایسے ڈیٹا سینٹرز قائم کرنا ہے جو مصنوعی ذہانت کے پیچیدہ نظاموں کو درکار کمپیوٹنگ صلاحیت فراہم کر سکیں۔
دوسری جانب اس اہم منصوبے پر کئی سائنس دانوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ پیشرفت مستقبل میں خلائی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں اہم تبدیلیوں کا باعث بن سکتی ہے۔ دریں اثنا، اسپیس ایکس کے اسٹار شپ نے خلا سے واپسی پر پہلی بار فضا ہی میں پکڑے جانے کا تاریخی مظاہرہ مکمل کر کے سائنس کی دنیا میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اسٹار شپ کو لانچ ٹاور کے دیوہیکل مکینیکل بازوؤں نے فضا ہی میں کامیابی سے تھام لیا، جو خلائی تاریخ کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔