’جب ضررت تھی تو جیل سے رہا کیا گیا اور اب جیل بھیجا جا رہا‘، آنند موہن کی قبل از وقت رہائی منسوخ ہونے پر تیجسوی کا ردعمل

سپریم کورٹ سے سابق رکن پارلیمنٹ آنند موہن کی قبل از وقت رہائی منسوخ ہونے پر بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے نتیش کمار اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جمعرات (26 نومبر) کو پٹنہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’نتیش کمار اور بی جے پی اپنی سہولت کے مطابق کام کرتے ہیں۔ جب آنند موہن کی ضرورت تھی تو انہیں جیل سے رہا کر دیا گیا اور اب جب ضرورت نہیں ہے تو انہیں جیل بھیجا جا رہا ہے۔‘‘

تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ ’’اننت سنگھ کے گھر سے بہار پولیس کو اے کے-47 ملا تھا۔ جب اننت سنگھ کی ضرورت تھی تو کہا گیا تھا کہ کوئی ہتھیار نہیں ملا۔ اب اننت سنگھ نے مخالفت کی تو وہ بھی جیل جانے والے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’نتیش جی کا نعرہ تھا نہ ہم کسی کو بچاتے ہیں اور نہ پھنساتے ہیں۔ یہ لوگ اپنی سہولت کے مطابق کسی کو پھنساتے بھی ہیں اور بچاتے بھی ہیں۔ یہی اصلیت ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں :

تیجسوی یادو کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’فلور ٹیسٹ کے دوران جن لوگوں نے غداری کی تھی خواہ وہ اننت سنگھ ہوں یا آنند موہن، انہیں سوچنا چاہیے تھا کہ اوپر والا بھی ہے اور نیچے عوام بھی ہے۔ تیجسوی نے جو کہا تھا وہ سچ ثابت ہوا۔ نیچے عوام تو سب دیکھ رہی ہے، کم از کم لوگوں کو اوپر والے سے ڈرنا چاہیے۔‘‘ دوسری جانب آر جے ڈی کے ترجمان اعجاز احمد نے کہا کہ یہ عدالتی کارروائی کا حصہ ہے لیکن اس میں کہیں نہ کہیں سیاسی پہلو بھی ہے۔ آنند موہن جب تک حکومت کے ساتھ تھے انہیں کچھ نہیں ہوا۔ حکومت کے خلاف گئے تو یہ معاملہ سامنے آ گیا۔ یہ بات واضح کرتی ہے کہ بہار میں حکومت کس طرح کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے آنند موہن کی قبل از وقت رہائی منسوخ کر دی ہے اور اب انہیں دوبارہ جیل جانا پڑے گا۔ عدالت نے انہیں ایک ماہ کے اندر خودسپردگی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آنند موہن کو گوپال گنج کے ڈی ایم کے قتل کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا۔ حالانکہ بہار حکومت نے قانون میں ترمیم کر کے آنند موہن کو قبل از وقت رہا کر دیا تھا۔ اب سپریم کورٹ نے مقتول کی اہلیہ کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی رہائی منسوخ کر دی ہے اور انہیں دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔  عدالت نے کہا کہ قبل از وقت رہائی دینے کے لیے 2023 میں کی گئی ترمیم ایک اچانک اٹھایا گیا قدم ہے، جس کا نہ تو کوئی واضح مقصد ہے اور نہ ہی اس میں کوئی نیک نیتی دکھائی دیتی ہے۔ ریاستی حکومت کوئی معقول اور جائز عوامی مقصد ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے، اس لیے اسے آئین کی دفعہ 14 اور 21 کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں