جے یو آئی کی جانب سے تین صوبوں میں پہیہ جام کی اپیل، مختلف شہروں میں ٹریفک کی آمدورفت متاثر
مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال، کراچی سمیت ملک بھر میں شاہراہیں اور موٹرویز بند
کراچی۔ اسلام آباد۔ پشاور : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی احتجاجی کال کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں شاہراہیں اور موٹرویز بند کردی گئیں، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے پورا ملک بند کرنے کی اپیل کردی ہے، تین صوبوں میں مکمل پہیہ جام ہوگا، احتجاج کی اجازت نہیں دی جارہی، قانون اور آئین کو پامال کیا جارہا ہے۔
نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق مختلف مقامات پر احتجاج کے باعث کئی قومی شاہراہیں بند ہیں، جبکہ موٹروے ایم ٹو پر شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں (ایچ ٹی وی) کا داخلہ بعض ٹول پلازوں سے تاحکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے بھیرہ کے مقام پر بھی سڑک بند ہونے کی اطلاع دی تھی، تاہم بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ مذکورہ سڑک ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دی گئی ہے۔

نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ این 55 پر لاڑکانہ کے قریب، این 25 پر قلات میں مغلزئی چوک کے نزدیک، این 50 پر بوستان کراس اور خانوزئی گرڈ اسٹیشن کے مقام پر، جبکہ این 5 پر نوشہرو فیروز بائی پاس اور کنڈیارو کے قریب احتجاج کے باعث ٹریفک بند ہے۔
پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو پر چکری نارتھ، کیپیٹل اسمارٹ سٹی، ٹھلیاں، بلکسر، نیلہ اور کلر کہار ٹول پلازوں سے شمال کی جانب ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے میڈیا سیل کے مطابق پارٹی قیادت کی ہدایت پر مختلف شہروں اور مقامات پر کارکنوں نے شاہراہیں بند کردی ہیں۔
کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر جے یو آئی کارکنان کا دھرنا
جے یوآئی کے کارکنان نے پارٹی قائد کی کال پر کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر دھرنے دیتے ہوئے حب ریور روڈ، سہراب گوٹھ، گھگر پھاٹک پر احتجاج شروع کردیا۔
جے یو آئی کارکنان کے احتجاج کی وجہ سے شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
کراچی میں جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد سومرو نے سہراب گوٹھ ، ایم نائن موٹروے، نیشنل ہائی وے ملیر اور حب ریور روڈ سمیت اہم شاہراہیں فوری بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کراچی کے تمام اضلاع کے کارکنوں اور شہریوں سے ہائی ویز اور شاہراہیں بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کارکن ہمت کریں، پورا سندھ بند ہونا چاہیے۔
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں جے یو آئی کارکنوں نے سپر ہائی وے بند کردی، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے مطابق پشاور میں کارکنوں نے احتجاجاً ایم ون موٹروے ٹول پلازہ بند کردیا، جس کے بعد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی اور دونوں اطراف آمدورفت معطل ہوگئی۔ کارکنوں نے اسلام آباد موٹروے پر پشاور ٹول پلازہ کے مقام پر بھی راستہ بند کردیا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
پارٹی کے مطابق کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کردی گئی، جبکہ چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والی دونوں شاہراہیں بھی بند ہیں۔
جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی، جبکہ حب میں بھوانی کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔
پارٹی کے مطابق کوئٹہ میں سبی روڈ بھی بند کردی گئی، جبکہ لاڑکانہ بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردی گئی ہے۔
عمرکوٹ بائی پاس اور شادی پلی میں جمعیت علمائے اسلام کے دھرنے
عمرکوٹ سے نمائدہ امت کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمٰن کی اپیل پر سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع عمرکوٹ کے مختلف مقامات پر بھی جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے احتجاجی دھرنے دیے گئے۔

عمرکوٹ بائی پاس پر موٹو مالہی کے مقام پر مولانا محمد یعقوب نعمانی کی قیادت میں دھرنا دیا گیا، جبکہ شادی پلی موڑ پر مولانا دین محمد کی سربراہی میں احتجاجی دھرنا دے کر عمرکوٹ میرپورخاص روڈ بلاک کردیا گیا، جس کے باعث دونوں شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر مولانا محمد یعقوب نعمانی نے کہا کہ جب تک قائد مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے ہدایت جاری نہیں ہوتی اور مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔ احتجاج کے دوران جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں، کارکنوں اور علاقہ مکینوں نے دھرنے کے مقام پر نماز مغرب بھی ادا کی۔
دوسری جانب شادی پلی میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں اور کارکنوں نے پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری اور نظر بندی کے خلاف مولانا دین محمد کی قیادت میں احتجاج کیا۔ مظاہرین نے عمرکوٹ میرپورخاص روڈ بلاک کردیا، جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف آنے اور جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔
مٹھی سے نمائندہ امت کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کا پھانگاریو پولیس چیک پوسٹ کے قریب احتجاجی دھرنا، تھرکول روڈ بند، ٹریفک معطل تھرپارکر میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے کارکنوں نے پھانگاریو پولیس چیک پوسٹ کے قریب احتجاجی دھرنا دے کر مٹھی-تھرکول روڈ مکمل طور پر بند کر دیا، جس کے باعث سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور مسافروں، ٹرانسپورٹرز سمیت آنے جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام تھرپارکر کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے پھانگاریو کے مقام پر تھرکول روڈ بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دیا، احتجاج کے دوران کارکنوں نے سڑک پر ہی نمازِ عصر ادا کی، جبکہ روڈ بند ہونے کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی بڑی تعداد پھنس گئی اور ٹریفک کا نظام متاثر رہا۔
احتجاجی دھرنے کے دوران ہنگامی صورتحال اور انسانی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مظاہرین نے ایمبولینس کو راستہ فراہم کیا۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کرتے ہوئے راستے، سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے احتجاجی کال کی وجہ سرگودھا میں جے یو آئی (ف) کے جلسے میں مبینہ حکومتی رکاوٹوں کو قرار دیا تھا۔