یوپی اسمبلی انتخابات: اکھلیش یادو نے جاری کیا منشور، 10 لاکھ نوکریوں اور کسانوں کی قرض معافی سمیت کئی اہم وعدے

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو یومِ آئین کے موقع پر پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے نوجوانوں، کسانوں، خواتین، سرکاری ملازمین اور محروم طبقات کے لیے وعدوں کی طویل فہرست پیش کی۔ ’جن من گھوشنا پتر‘ اور ’ستائیس کا سنکلپ: پی ڈی اے کا پرن پتر‘ کے ذریعے پارٹی نے روزگار، ریزرویشن، سماجی انصاف اور معاشی تحفظ کو اپنے انتخابی ایجنڈے کا مرکز بنایا ہے۔

اکھلیش یادو نے اعلان کیا کہ ریاست میں سماج وادی پارٹی کی حکومت بننے پر پہلی کابینہ میٹنگ میں سرکاری محکموں کے 10 لاکھ خالی عہدوں کو فوری طور پر پُر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ بے روزگار گریجویٹ نوجوانوں کو ملازمت ملنے تک ہر ماہ 5 ہزار روپے الاؤنس دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ بھرتی کے عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے اور امتحانات میں پیپر لیک جیسے واقعات پر سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ایسی گڑبڑیوں کے لیے متعلقہ وزیروں اور افسران کی جواب دہی بھی طے کی جائے گی۔

تعلیم کے شعبے میں 26 ہزار بند سرکاری پرائمری اسکول دوبارہ کھولنے، بارہویں جماعت پاس طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے اور نئی تعلیمی پالیسی نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ غریب اور پی ڈی اے طبقے کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ہنرمندی کی تربیت کے ذریعے روزگار سے جوڑنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔

کسانوں کے لیے قرض معافی اور ریاست کی 23 فصلوں کے ساتھ دودھ پر بھی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ گنے کے کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے 15 ہزار کروڑ روپے کا فنڈ بنایا جائے گا، جس کے ذریعے 24 گھنٹے کے اندر گنے کی قیمت ادا کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

سماجی انصاف کے تحت 50 کروڑ روپے تک کے سرکاری ٹھیکوں میں دلتوں اور پی ڈی اے طبقے کو 50 فیصد ریزرویشن دینے، ذات پر مبنی مردم شماری شروع کرانے اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر فلاحی منصوبے بنانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ دلتوں کی ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں دلت ترقیاتی کونسل بھی قائم کی جائے گی۔

خواتین اور بزرگوں کے لیے بھی کئی اعلانات کیے گئے ہیں۔ بزرگ خواتین اور بزرگ کاریگروں کو سالانہ 40 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ غریبوں اور محروم طبقات کو سستا کھانا فراہم کرنے کے لیے سماج وادی کینٹین قائم کی جائیں گی، جہاں محض 5 روپے میں کھانا دستیاب ہوگا۔ غریب اور پی ڈی اے خاندانوں کو معیاری علاج، دوائیں، کھانا اور رہائش مفت فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

سرکاری ملازمین کو راغب کرنے کے لیے اکھلیش یادو نے پرانی پنشن اسکیم بحال کرنے کا وعدہ کیا۔ اس کے علاوہ خواتین اور اقلیتوں کے خلاف سنگین جرائم پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کا اعلان کیا گیا۔

نظم و نسق کے معاملے پر بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت بننے پر غنڈہ گردی، مافیا راج، زمینوں پر غیر قانونی قبضے اور دھمکیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ زمینوں پر ناجائز قبضوں سے نمٹنے کے لیے الگ خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا بھی اعلان کیا گیا، جس کی ترجیح غریبوں، دلتوں اور اقلیتوں کی زمینوں کو بااثر افراد کے قبضے سے بچانا ہوگی۔

اکھلیش یادو نے منشور کو محض انتخابی وعدوں کی دستاویز کے بجائے ریاست کی ترقی اور سماجی تبدیلی کا روڈ میپ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اپنے گزشتہ منشوروں میں کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں اور حکومت بننے پر نئی ضروریات کے مطابق مزید فیصلے بھی کیے جائیں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں