بنگال: ’بسلیری‘ پانی میں پایا گیا خطرناک بیکٹیریا، ایک بیچ کی فروخت پر روک!

پیکجڈ پانی فروخت کرنے والی بڑی کمپنی ’بسلیری‘ کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہے۔ گوا کے بعد اب مغربی بنگال میں بھی کمپنی کے پلانٹ سے لیے گئے پانی کے نمونے میں بیکٹیریا پائے گئے ہیں۔ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) نے اس معاملے میں بسلیری انٹرنیشنل کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس ہفتے کمپنی کے خلاف یہ دوسری کارروائی ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق فوڈ سیفٹی محکمہ کی ٹیم نے جولائی 2026 میں مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی ضلع میں واقع بسلیری کے پلانٹ (گاؤں تیلی پاڑا، پن کوڈ 735133) سے پانی کا یہ نمونہ جانچ کے لیے لیا تھا۔ ابتدائی لیبارٹری کی جانچ میں نمونہ ناکام ہونے کے بعد اسے ریفرل لیبارٹری بھیجا گیا تھا۔ ریفرل لیبارٹری نے بھی اپنی رپورٹ میں پانی میں کولی فارم بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

جانچ رپورٹ سامنے آنے کے بعد 12 اگست 2026 کو اس مخصوص بیچ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اب غذائی تحفظ کے معیار کی خلاف ورزی کے معاملے میں بسلیری انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دی گئی ہے۔

متاثرہ بیچ کی تفصیلات

  • بیچ نمبر: پی بی 201

  • تیاری کی تاریخ: 20.7.2026

  • آخری تاریخ استعمال (ایکسپائری ڈیٹ): 19.01.2027

یہ بھی پڑھیں :

قابل ذکر ہے کہ بسلیری کے خلاف یہ کارروائی کچھ روز قبل گوا کے پلانٹ سے لیے گئے پانی کے نمونے کی جانچ میں خامی سامنے آنے کے بعد کی گئی کارروائی کے علاوہ ہے۔ گوا کے معاملے میں جانچ کے دوران پانی میں برومیٹ کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی تھی۔ اس کے باعث پانی کے نمونے کو غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں