سرینگر // محکمہ تعلیم کشمیر نے وادی میں سرمائی تعطیلات کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی سکولوں کے لیے تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے جاری حکم نامہ نمبر 476-DSEK سال 2026 کے مطابق پری پرائمری سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے 30 نومبر 2026 سے 28 فروری 2027 تک سرمائی تعطیلات ہوں گی، جبکہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے 14 دسمبر 2026 سے 22 فروری 2027 تک اسکول بند رہیں گے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران تدریسی عملہ کسی بھی تعلیمی سرگرمی کے لیے دستیاب رہے گا۔ اس کے علاوہ اسکول دوبارہ کھلنے سے چار روز قبل تمام تدریسی عملے کو اپنے متعلقہ اسکولوں میں حاضر ہوکر افتتاحِ اسکول سے متعلق ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے مزید خبردار کیا ہے کہ تعطیلات کے مقررہ شیڈول پر عمل درآمد میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سربراہانِ ادارہ اور تدریسی عملے کے خلاف قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔