پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیے جانے کے بعد انتخابی حلقوں کی حد بندی بل کو لے کر بحث تیز ہو گئی ہے۔ اس دوران مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے ایک اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے فی الحال یہ تو نہیں بتایا کہ حکومت کون سا بل پیش کرنے جا رہی ہے، لیکن واضح لفظوں میں یہ ضرور کہہ دیا ہے کہ ’’حکومت بہت اہم بل پیش کرنے جا رہی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں :
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں بامعنی بحث ہو اور ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی رکن پارلیمنٹ غیر سنجیدہ یا غیر ذمہ دارانہ بات نہ کرے اور کوئی بھی پارٹی ایوان میں ہنگامہ آرائی نہ کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تمام اراکین پارلیمنٹ کو اپنی بات رکھنے کا پورا موقع ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’خصوصی کام کے لیے ہی پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا جا رہا ہے۔ 30 نومبر اور یکم دسمبر کو لوک سبھا میں بحث ہوگی، جبکہ 2 اور 3 دسمبر کو راجیہ سبھا میں بل پر بحث ہوگی۔‘‘
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کو غیر آئینی قرار دینے والے اپوزیشن لیڈروں کے بیانات پر اپنی ناراضگی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ خصوصی اجلاس بلانے کے عمل کو غیر آئینی قرار دینا یا یہ کہنا کہ مانسون اجلاس وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا، غیر ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم بحث و مباحثے کے لیے ہے۔ حکومت ایوان میں جو بھی بل یا تجویز پیش کرے، تمام پارٹیوں کو اس پر سنجیدگی سے بحث کرنی چاہیے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کسی تجویز سے اتفاق کرنا یا اس کی مخالفت کرنا الگ بات ہے، لیکن پارلیمنٹ کی کارروائی چلنا ضروری ہے۔
دوسری طرف حدبندی بل معاملہ میں حکومت کو حمایت دیے جانے سے متعلق قیاس آرائیوں کے درمیان اسٹالن نے ایک اہم بیان دیا ہے۔ ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے ’ایکس‘ پر جاری اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہندوستان میں حدبندی (ڈی لمیٹیشن) کے خطرات کے خلاف آواز اٹھانے والی پہلی پارٹی ڈی ایم کے تھی! چنئی میں ہی پہلی بار ملک بھر کے سیاسی رہنما ایک ساتھ آئے اور منصفانہ حدبندی کا مطالبہ کیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’تمل ناڈو اسمبلی کے ذریعہ منظور کردہ قرارداد اور (منصفانہ حدبندی) کے لیے مشترکہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے مطابق ہم 2 واضح مطالبات پیش کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے جو 2 مطالبات پیش کیے ہیں، وہ اس طرح ہیں:
-
اگر پارلیمانی انتخابی حلقوں کی تعداد بڑھائی جاتی ہے تو کسی بھی صورت میں ایوان زیریں (لوک سبھا) میں تمل ناڈو کی موجودہ 7.18 فیصد سیٹوں کی حصہ داری کم نہیں ہونی چاہیے!
-
1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر ریاستوں کے درمیان پارلیمانی نمائندگی کا جو تناسب طے کیا گیا تھا اور جسے پہلے ہی ’منجمد‘ (مستقل) کر دیا گیا تھا، اسے اگلے 25 برسوں تک مزید ’منجمد‘ رکھا جانا چاہیے!
ایم کے اسٹالن مذکورہ 2 مطالبات پیش کرنے کے بعد کہتے ہیں کہ ’’ڈی ایم کے اپنے ان دونوں مطالبات پر قائم ہے اور آئندہ بھی قائم رہے گی۔ ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور کسی بھی طرح کے سمجھوتے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘‘ اس طرح انھوں نے واضح کر دیا ہے کہ اگر مودی حکومت حد بندی بل کو پاس کرانا چاہتی ہے اور ڈی ایم کے کی حمایت چاہتی ہے تو 2 مطالبات ہر حال میں پورے کرنے ہی ہوں گے۔