اننت ناگ/کانگریس کے سینئر رہنما اور اننت ناگ اسمبلی حلقے کے موجودہ رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سعید جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جموں میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 73 برس تھی۔
تفصیلات کے مطابق پیرزادہ محمد سعید گزشتہ کافی عرصے سے علیل تھے۔
مرحوم ایک تجربہ کار سیاست دان تھے اور انہوں نے 2024 کے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں اننت ناگ اسمبلی حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل وہ کوکرناگ اسمبلی حلقے کی نمائندگی بھی کر چکے تھے، جہاں انہوں نے 1987، 2002 اور 2008 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اپنے طویل سیاسی کیریئر کے دوران انہوں نے مختلف حکومتوں میں بطور وزیر بھی خدمات انجام دیں۔
مرحوم پیرزادہ محمد سعید نے 1980 میں یونیورسٹی آف کشمیر سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی تھی، جس کے بعد انہوں نے عملی سیاست میں قدم رکھا۔
ان کے انتقال کی خبر سے جموں و کشمیر کے سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ مختلف سیاسی رہنماؤں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
جموں و کشمیر کے سیاسی منظرنامے میں مرحوم پیرزادہ محمد سعید کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments