سرینگر/لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے جمعہ کے روز کانگریس کے سینئر رہنما اور اننت ناگ کے موجودہ رکنِ اسمبلی پیرزادہ محمد سعید کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پیرزادہ محمد سعید کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں مرحوم کے اہلِ خانہ، دوستوں اور حامیوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے ساتھ ان کی وفاداری اور ان کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ 73 سالہ پیرزادہ محمد سعید جمعرات کی دیر رات جموں میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں اننت ناگ حلقے سے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
کانگریس کے سینئر رہنما پیرزادہ سعید نے 1987، 2002 اور 2008 میں کوکرناگ اسمبلی حلقے کی نمائندگی کی تھی۔ وہ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر اور مختلف حکومتوں میں وزیر بھی رہ چکے تھے۔مرحوم کی نمازِ جنازہ آج ان کے آبائی علاقے دمہال اچھہ بل، ضلع اننت ناگ میں ادا کی جائے گی۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments