سرینگر/کشمیر کی مشہور وادی میں واقع شیش ناگ جھیل کے قریب جے سی بی مشین کے ذریعے کھدائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پیدا ہونے والے تنازعے کے درمیان جموں و کشمیر حکومت نے سیٹلائٹ تصاویر، تصویروں اور عدالتی ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جھیل کے قریب کوئی نئی سڑک تعمیر نہیں کی جا رہی ہے اور نہ ہی موجودہ راستے کی سمت میں کوئی تبدیلی کی جا رہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق حکومت نے چندن واڑی، شیش ناگ اور مقدس غار کو ملانے والے یاترا ٹریک کی موجودہ ساخت اور راستے کی نشاندہی کے لیے سیٹلائٹ تصاویر اور دیگر شواہد پیش کیے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہاں جاری کام امرناتھ یاترا کے روایتی راستے کی طویل عرصے سے جاری دیکھ بھال کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ شیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینری کے استعمال کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ماحولیاتی ماہرین، سیاسی رہنماؤں اور مقامی لوگوں نے ہمالیائی خطے کے نازک ماحولیاتی نظام کو ممکنہ نقصان پہنچنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
حکام کے مطابق چندن واڑی سے شیش ناگ ہوتے ہوئے مقدس غار تک جانے والے ٹریک کی دیکھ بھال 2012 سے باقاعدگی کے ساتھ کی جا رہی ہے اور موجودہ کام 2026 میں شروع کیا گیا کوئی نیا منصوبہ نہیں ہے۔
حکومت نے مزید کہا ہے کہ اس راستے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے پاس ہے، جو یاتریوں، گھوڑوں اور پالکیوں کی محفوظ اور آسان آمدورفت یقینی بنانے کے لیے معمول کے مطابق سالانہ مرمتی کام انجام دے رہی ہے۔
حکام نے سپریم کورٹ کے سال 2012 کے فیصلے، PIL Court on its own motion vs Union of India and Others (Suo Motu Writ Petition (Civil) No. 284 of 2012) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت اور بھیڑ سے بچنے کے لیے ٹریک کی کم از کم چوڑائی 12 فٹ ہونا ضروری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مشاہدہ کیا تھا کہ موجودہ پیدل راستے یاتریوں، گھوڑوں اور پالکیوں کی بیک وقت آمدورفت کے لیے ناکافی ہیں، جس کے نتیجے میں طویل قطاریں لگ جاتی ہیں اور عقیدت مندوں کو سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عدالت نے پورے ٹریک کو بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے حساس مقامات پر حفاظتی دیواریں، ریلنگ اور دیگر ضروری تعمیراتی سہولیات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ تاہم عدالت نے واضح کیا تھا کہ ان ہدایات کو روایتی پیدل راستے کی جگہ موٹر گاڑیوں کے قابل پختہ سڑک تعمیر کرنے کی اجازت تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔
حکومت کی وضاحت میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی سرگرمی بی آر او کی جانب سے انجام دی جانے والی معمول کی سالانہ مرمت کا حصہ ہے اور وہاں نہ تو کوئی نئی سڑک تعمیر کی جا رہی ہے اور نہ ہی راستے کی نئی الائنمنٹ بنائی جا رہی ہے۔
ماحولیاتی خدشات کے حوالے سے حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ ٹریک شیش ناگ جھیل کے دائیں جانب واقع ہے اور جھیل کے کنارے سے کافی فاصلے پر ہے۔ جاری مرمتی کام کا مقصد جھیل کی قدرتی ساخت یا ماحولیاتی سالمیت کو متاثر کرنا نہیں ہے۔
رپورٹ میں پیش کی گئی سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے بھی یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ راستہ جھیل کے متوازی اپنی پرانی الائنمنٹ پر ہی موجود ہے اور اس کا جھیل کے کنارے سے مناسب فاصلہ برقرار ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments