
آن لائن چینل اور ویب سائٹ کی خبر من گھڑت اور جھوٹی ہے، قانونی چارہ جوئی کرینگے، سید نور
سید نور سے علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتی، گھٹیا قسم کی نیوز پر انتہائی دکھ ہوا، صائمہ کا ردعمل
لاہور(کلچرل ڈیسک) ڈائریکٹر پروڈیوسر سید نور اور صائمہ کے درمیان طلاق کی افواہیں بہت جلد دم توڑ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر اس فلمی جوڑی کی علیحدگی کی خبریں منظر عام پر تھیں تاہم دونوں کی اکٹھے جاری ہونیوالی وڈیو میں اس خبر کو من گھڑت قرار دیا گیا ہے۔ سید نور نے کہا کہ ہم کبھی سوشل میڈیا پر نہیں آتے لیکن اس خبر سے ہمیں تکلیف ہوئی ہے اور انہوں نے ایک آن لائن چینل اور ویب سائٹ کے بارے میں بتایا کہ یہ نیوز انہوں نے ریلیز کی اور ہم ان کے خلاف عدالت جائیں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مزید کہا کہ صائمہ کبھی کسی کو انٹرویو نہیں دیتی اور نہ ہی کبھی سوشل میڈیا پر اس طرح آئی صائمہ نے بھی اقرار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ بھی ہمارے درمیان نہیں۔ ہم ہمیشہ اکٹھے رہیں گے۔ اس گھٹیا قسم کی نیوز پر انتہائی دکھ ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان دنوںمیں کراچی میں ڈرامہ سیریل ’’لمحے‘‘ کی ریکارڈنگ میں مصروف ہوں جس کے ڈائریکٹر عاصم علی ہیں اور اس میں میرے ساتھ سرمد سلطان کھوسٹ اور نورالحسن سمیت بہت سے دیگر فنکارشامل ہیں۔