معطل ہیڈ ماسٹر نے ڈپٹی سیکریٹری کے احکامات ہوا میں اڑادئیے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ اسکول ایجوکیشن میں ورکشاپ انسٹرکٹر کا عہدہ خلاف ضابطہ تبدیل کرنے پر معطل کئے گئے انچارج ہیڈ ماسٹر ذوالفقار انور عباسی نے ڈپٹی سیکریٹری کے احکامات ہوا میں اڑادیئے۔ طلبی کے باوجود تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے، 16 جنوری کو تحقیقاتی کمیٹی نے دوبارہ طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن نے خلاف ضابطہ کیڈر تبدیل کرنے اور بے ضابطگیوں کی شکایات پر عہدے سے برطرف کئے گئے انچارج ہیڈ ماسٹر ذوالفقار انور عباسی کے خلاف تحقیقات کا آغازکرتے ہوئے 13 جنوری کو ڈپٹی سیکریٹری سیکنڈری کے سامنے تمام دستاویزات کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم 13 جنوری کو ڈپٹی سیکریٹری سیکنڈری الطاف حسین سیریو اور دیگر افسران پورا دن ذوالفقار انور عباسی کا انتظار کرتے رہے ، بعدازاں ڈپٹی سیکریٹری نے ایک اور لیٹر نمبر SO(S-III)2-454/2017 جاری کرتے ہوئے ذوالفقار انور عباسی کو دوبارہ 16جنوری کو اپنے آفس میں طلب کر لیا ہے۔