ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست، ناامید ہونے کی ضرورت نہیں: مصباح الحق

پاکستان کرکٹ ٹیم چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست کے بعد اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ ہمیں نا امید ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اس مضمون میں مصباح الحق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ہم بھی مداحوں کی طرح دل شکستہ ہیں مگر اسی کا نام کرکٹ ہے۔

انہوں نے لکھا کہ انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے باوجود ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔ میچ کے آخری سیشن کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس ٹیسٹ میں اپنی گرفت برقرار رکھی۔

ان کے بقول یقیناً ہمیں اپنے کھیل میں 10 سے 15 فی صد مزید بہتری اور دباؤ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ مگر ہمیں ناامید ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ہمیں مایوسی کو اپنے ذہنوں سے نکالنا ہو گا ورنہ واپسی مشکل ہو گی اور کھلاڑیوں کو بھی خود پر بھروسہ ہے کہ وہ سیریز میں واپس آ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ ایک سنسنسی خیز میچ تھا۔ انگلینڈ نے جس طرح فائٹ بیک کیا اُنہیں اس کا پورا کریڈٹ دیا جانا چاہیے۔ وہ خسارے میں جانے کے باوجود میچ جیت گئے۔

مصباح الحق نے اپنے مضمون میں مزید لکھا کہ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بعض اوقات قسمت آپ کا ساتھ نہیں دیتی۔ کبھی حریف ٹیم بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتی ہے، یہی کھیل کا حسن ہے۔

ان کے بقول دوسری اننگز میں کرس ووکس اور جوس بٹلر کے درمیان قائم ہونے والی شراکت ہمیں مہنگی پڑی۔ انہوں نے بہترین جوابی وار کیا جس کے سبب کچھ ناتجربہ کاری تو کچھ پریشانی سے ہمیں نقصان ہوا۔

مصباح کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ہمیں مزید بہتری کی ضرورت ہے مگر ہم نے چھ ماہ میں اپنی پہلی بین الاقوامی سیریز میں ایک صف اول کی ٹیم کے خلاف بہتر کھیل پیش کیا ہے۔

پاکستان کے ہیڈ کوچ نے اوپننگ بلے باز شان مسعود کی تعریف کی۔ ان کے بقول ​شان مسعود نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان کے کھیل کی بدولت ہی میچ کی رفتار اور انداز میں تبدیلی آئی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں