155 سال پرانے پریس رجسٹریشن قانون کا خاتمہ ہو جائے گا
نئی دہلی (ساوتھ ایشین وائر)بھارت کی مرکزی حکومت ڈیجیٹل میڈیا کو کنٹرول کرنے اور اسے اخبارات کے مساوی لانے کا بل لے کر آ رہی ہے۔ اس بل کو قانونی منظوری ملنے کے بعد اخبارات کی طرح نیوز پورٹل کو رجسٹرڈ کرنا ضروری ہو جائے گا۔ اب تک یہ اصول صرف اخبارات پر لاگو ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق بھارت کی مرکزی حکومت 155 سال پرانے پریس اینڈ رجسٹریشن آف بکس ایکٹ کو ختم کرنے جا رہی ہے۔ اسے ‘پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریڈیکل بل’ سے بدل دیا جائے گا۔ یہ بل اخبارات کے لیے ایک نیا اور آسان رجسٹریشن سسٹم ہوگا، اس کے تحت ڈیجیٹل میڈیا کو بھی لانے کی تیاری ہے۔ مرکزی حکومت اس بل کو مون سون اجلاس کے دوران پیش کرے گی۔
یہ بل پریس اینڈ رجسٹریشن آف بکس (PRB) ایکٹ 1867 کی جگہ لے گا۔ اس کے تحت درمیانے اور چھوٹے پبلشرز کے لیے طریقہ کار کو آسان رکھا جائے گا ۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق بھارتی حکومت نے 2019 میں پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریڈیکل بل کا مسودہ جاری کیا تھا، جس میں اخبارات کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا کو اپنے دائرہ کار میں لانے کی شق بھی موجود ہے۔ 2019 کے مسودہ بل میں ‘ڈیجیٹل میڈیا پر خبروں’کو ‘ڈیجیٹل فارمیٹ میں خبریں جو انٹرنیٹ، کمپیوٹر، موبائل نیٹ ورک پر نشر کی جا سکتی ہیں’ کے طور پر بیان کیا گیا تھا۔ اس میں متن، آڈیو، ویڈیو اور گرافکس شامل ہیں۔