ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بلوچستان: خضدار میں قومی پرچم کے اسٹال پر دھماکا، ایک شخص ہلاک

صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار میں قومی پرچم فروخت کرنے والے اسٹال پر دھماکے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔

خضدار کے آزادی چوک پر یوم آزادی کی مناسبت سے لگائے گئے اسٹال پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کر دیا جبکہ پانچوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

خاتون سمیت واقعے میں زخمی ہونے والے بقیہ چاروں افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے خضدار بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جاۓ گا۔

وزیراعلیٰ نے خضدار سمیت صوبہ بھر میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں بلوچستان میں شرپسندوں نے قومی پرچم کے اسٹال کو نشانہ بنایا ہے بلکہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی وہ قومی پرچم کے اسٹال پر حملے کر چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے دارالحکومت کوئٹہ میں سڑک کنارے لگائے گئے قومی پرچم فروخت کرنے والے اسٹالوں کو نشانہ بنانے والے دستی بم حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو بچوں سمیت 14 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

اسلام آباد میں موٹر سائیکلوں میں تصادم کے بعد دھماکا

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے بعد ایک موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ کر ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی۔

پولیس کے مطابق دونوں موٹر سائیکلوں میں تصادم تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا تاہم پولیس نے تصادم کی وجہ سے ایک موٹر سائیکل میں ہونے والے دھماکے کے بعد موٹر سائیکل کی جانچ شروع کردی۔

پولیس نے بتایا کہ جانچ کے بعد ہم اس خدشہ ہے کہ موٹر سائیکل میں بارودی مواد موجود تھا کیونکہ حادثے کے قریب ڈیٹونیٹر، تاریں اور بارودی مواد ملا۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے موٹر سائیکلیں قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

منبع: ڈان نیوز

The post بلوچستان: خضدار میں قومی پرچم کے اسٹال پر دھماکا، ایک شخص ہلاک appeared first on شفقنا اردو نیوز.

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں