اہم ترین

لیبیا کشتی حادثہ:سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث  کارندے گرفتار

Greece and Libya vessel accident

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سمندر کے راستے یورپ بھجوانے والے منظم گینگ کو بے نقاب کرتے ہوئے 2کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ایف آئی اے امیگریشن سرکل نے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے ایک منظم گینگ کو بے نقاب کر دیا جو شہریوں کو سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے کی کوشش کر رہا تھا۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ موریطانیہ سے کراچی پہنچنے والے پانچ مسافروں سے تفتیش جاری ہے، جن کا تعلق حافظ آباد، گجرانوالہ اور سوات سے ہے، ان مسافروں کو یورپ بھیجنے کا بندوبست کرنے والے ایجنٹوں نے ان سے 25 سے 35 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے تھے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ مسافر دبئی، سعودی عرب اور قطر کے راستے موریطانیہ پہنچے تھے، جہاں ایجنٹوں نے انہیں غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے کی کوشش کی تاہم ان مسافروں نے سمندر کے راستے غیر قانونی سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس کراچی آ گئے۔

ایف آئی اے ترجمان نے مزید بتایا کہ ان مسافروں کو ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ اس گینگ کے دیگر ارکان تک پہنچا جا سکے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال جاری ہے اور ایجنٹوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے۔

ایف آئی اے نے یہ بھی واضح کیا کہ ملک میں غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button