ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک بار پھر اپنی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا ہے، جہاں کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

پی ایس ایکس میں ابتدائی کاروبار ہی سے سرمایہ کاروں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس میں شاندار اضافہ ریکارڈ ہوا۔ چند ہی گھنٹوں میں 100 انڈیکس میں 1901 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ ایک لاکھ 61 ہزار 181 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو پی ایس ایکس کی تاریخ میں ایک بڑا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

رواں سال کے دوران 100 انڈیکس میں اب تک 39 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے، جب کہ گزشتہ ایک سال میں اس کی شرح نمو 96 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق اس تیزی کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہیں، جن میں حکومت کی جانب سے بہتر معاشی پالیسیوں کا نفاذ، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مجموعی اقتصادی اشاروں میں بہتری شامل ہیں۔

کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ اس ریکارڈ ساز تیزی نے نہ صرف مقامی سرمایہ کاروں کے حوصلے بلند کیے ہیں بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی ایک بار پھر پاکستانی مارکیٹ کا رخ کرنے لگے ہیں۔ عالمی سطح پر غیر یقینی حالات کے باوجود پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کا یہ مثبت رجحان ملکی معیشت کے لیے امید افزا ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ اگر یہ تسلسل برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ مستقبل قریب میں معیشت کے لیے مزید حوصلہ افزا نتائج سامنے لائے گی، جس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ترقی کی راہیں مزید کھل سکیں گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں