ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سیاحت ملک کی معاشی، سماجی اور ثقافتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ایاز صادق

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سیاحت کسی بھی ملک کی معاشی، سماجی اور ثقافتی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے نہ صرف ملکی معیشت کو استحکام مل سکتا ہے بلکہ روزگار کے بے شمار مواقع بھی پیدا ہوں گے، عوامی خوشحالی بڑھے گی اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور روشن چہرہ اجاگر ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یوم سیاحت کے موقع کیا جو 27 ستمبر کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی تنوع، قدرتی حسن، قدیم تہذیبوں اور مذہبی و ثقافتی ورثے کی بدولت دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ پاکستان کی پہچان صرف بلند و بالا پہاڑوں، صحراوں اور ساحلی علاقوں تک محدود نہیں بلکہ وادی کالاش کی روایات، گندھارا تہذیب کی شان و شوکت اور کرتارپور کوریڈور جیسے روحانی مراکز اسے دنیا بھر کے مذاہب اور ثقافتوں کے لیے پرکشش بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے جامع ویزا پالیسی اختیار کی ہے جس کے تحت سکھ، ہندو اور بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے مقدس مقامات تک رسائی آسان بنائی گئی ہے۔یہ اقدامات نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی احترام کو فروغ دیتے ہیں بلکہ پاکستان کے پرامن اور مہمان نواز تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے ہیں۔ سیاحت کے فروغ کے لیے امن و امان بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

اسپیکر نے ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور متعلقہ حکام پر زور دیا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ پاکستان کے قدرتی اور ثقافتی خزانوں کو عالمی سطح پر متعارف کروایا جا سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • فاروق اعظم صدیقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں