عدالت میں جج سمیت سب سجدے میں گر گئے
خانیوال:۔ پاکستان کے شہر دیپالپور میں واقع انتظامی سول عدالت میں ایک روح پرور منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب عدالتی کارروائی کے آغاز سے قبل سورہ بنی اسرائیل کی آیت نمبر 109 کی تلاوت کی گئی، جس کے نتیجے میں عدالت میں موجود تمام افراد سجدے میں گر گئے۔
تفصیلات کے مطابق ندیم اصغر ندیم، جو کہ دیپالپور کے انتظامی سول جج ہیں، نے عدالتی کارروائی سے قبل قرآن مجید کی مذکورہ آیت کی تلاوت فرمائی۔ یہ آیت اللہ رب العزت کے حضور سجدہ کرنے کی دعوت دیتی ہے، اور اس کے سننے یا پڑھنے والے پر سجدہ واجب ہو جاتا ہے۔
تلاوت کے فوری بعد، عدالت میں موجود جج، اسٹینوگرافر، ریڈر، اہلمد، قاصد، وکلا، منشی حضرات اور سائلین سب کے سب احتراماً سجدے میں جھک گئے، جس سے عدالت کا ماحول روحانیت اور خشوع سے بھر گیا۔
یاد رہے کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کمیٹی پاکستان کے جاری کردہ اصولوں کے مطابق عدالتی کارروائی کے آغاز سے قبل قرآن مجید کی تلاوت کو لازم قرار دیا گیا ہے، تاکہ عدالتی ماحول میں برکت اور انصاف کی روح قائم رہے۔
ندیم اصغر ندیم جج صاحب نہ صرف اپنی انتظامی صلاحیتوں کے لیے جانے جاتے ہیں بلکہ وہ دیپالپور کے دس ہزار سے زائد مقدمات کی کامیاب ڈسپوزل کے باعث عدالتی نظام میں ایک مثالی مقام رکھتے ہیں۔ ان کی قیادت میں دیپالپور کی عدالتیں نہ صرف قانون کی عملداری بلکہ روحانی اقدار کی پاسداری کا بھی مظہر بن چکی ہیں۔