لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رحمت کارڈ پروگرام کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جس کے تحت 50 ہزار بیواؤں اور یتیم بچوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
تقریب کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس فلاحی منصوبے کے لیے صوبائی زکوٰۃ فنڈ سے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ایک لاکھ روپے فی کس مالی معاونت دی جائے گی۔
حکام کے مطابق مستحق افراد کے انتخاب کا عمل شفاف بنانے کے لیے پنجاب سوشل و اکنامک رجسٹری کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جائے گی، جبکہ ہر ضلع کے لیے مخصوص کوٹے کے تحت حتمی فہرست مرتب کی جائے گی۔
منصوبے کا مقصد بیواؤں اور یتیم بچوں سمیت مستحق خاندانوں کو براہ راست مالی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ امدادی عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور بدعنوانی یا سفارش کے امکانات ختم ہوں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ رحمت کارڈ پروگرام کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات، خصوصاً بیواؤں اور یتیم بچوں کو معاشی تحفظ اور فراہم کرنا ہے، کسی بھی مستحق فرد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ فلاحی ریاست کے تصور کو عملی شکل دی جا رہی ہے، یہ پروگرام عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز ہے، جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہوں گے۔