نیویارک: ایران پر بے رحمانہ حملوں کے باوجود امریکا اور اسرائیل ایران میں اہداف حاصل نہ کرسکے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے خفیہ انٹیلی جنس رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اپنے 70 فیصد بیلسٹک میزائل اور 75 فیصد موبائل لانچرز محفوظ رکھنے میں کامیاب رہا، رپورٹ کے مطابق ایران امریکی بحری ناکہ بندی کا بھی کئی ماہ تک مقابلہ کر سکتا ہے جب کہ زیرِ زمین میزائل ذخیرہ گاہیں دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ کو پیش کی گئی سی آئی اے کی ایک خفیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کم از کم تین سے چار ماہ تک امریکی بحری ناکہ بندی کا مقابلہ کر سکتا ہے، اس کے بعد ہی اسے شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
اخبارکی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں کا ماننا ہے کہ ایران اب بھی اپنے جنگ سے پہلے موجود تقریباً 70 فیصد بیلسٹک میزائل اور 75 فیصد موبائل لانچرز برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران نے امریکی اور اسرائیلی حملوں سے متاثر ہونے والی بعض زیرِ زمین تنصیبات کو دوبارہ فعال کر لیا ہے، کچھ تباہ شدہ میزائلوں کی مرمت کی گئی ہے جب کہ نئے میزائل بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔
اس کے برعکس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران کے زیادہ تر میزائل تباہ ہو چکے ہیں اور اس کے پاس محدود صلاحیت باقی رہ گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکام عوامی سطح پر ایران کے خلاف جاری کارروائیوں کو بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں تاہم خفیہ انٹیلی جنس تجزیے زیادہ محتاط تصویر پیش کر رہے ہیں۔