ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جوہری ہتھیار کبھی نہیں چھوڑیں گے، شمالی کوریا کا دو ٹوک اعلان

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے ایک بار پھر دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ کسی بھی دباؤ یا مذاکرات کے نتیجے میں اپنے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق وزارتِ خارجہ کے سرکاری ترجمان نے سرکاری میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ جوہری صلاحیت پیانگ یانگ کی قومی سلامتی کا ناگزیر حصہ ہے اور اسے کسی قیمت پر ترک نہیں کیا جائے گا۔

شمالی کوریا نے اس موقع پر امریکا کی قیادت میں قائم کواڈ اتحاد پر بھی سخت تنقید کی۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا اور اس کے حلیف ممالک مل کر خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں اور اپنی فوجی موجودگی بڑھا کر پورے ایشیا پیسیفک خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

پیانگ یانگ نے اس فوجی اتحاد کو علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں شمالی کوریا نے ایک نئے کلسٹر بم وارہیڈ کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا تھا، اس کے ساتھ ساتھ ایک الیکٹرو میگنیٹک یعنی برقی مقناطیسی ہتھیار کا تجربہ بھی کیا گیا جو جدید الیکٹرانک نظاموں کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ شمالی کوریا اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے کو نہ صرف برقرار رکھ رہا ہے بلکہ اسے مزید جدید اور مؤثر بنانے میں بھی لگا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ 2006 سے اقوامِ متحدہ نے شمالی کوریا پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، لیکن ان پابندیوں کے باوجود پیانگ یانگ نے اپنے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگرام کو مسلسل آگے بڑھایا ہے اور ابھی تک کوئی بین الاقوامی دباؤ اسے روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں