اہم کارروائی، فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن، میجر نے جام شہادت نوش کیا۔
قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں اور شہید ہونے والے میجر وجاہت وحید
بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ پسنی کے علاقے میں دیسی ساختہ بم کے دھماکے کے دوران پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جام شہادت نوش کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق، انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔ دستاویزات اور عسکری ذرائع کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جٹک آباد میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس آپریشن کیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا۔
دوسری جانب ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والے میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا۔
عسکری حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز تاحال جاری ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔