دلچسپ ویڈیو منظرِ عام پر، صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ، دنیا بھر میں مقبولیت۔
مصر میں پیدائش کے فوراً بعد پُرسکون انداز میں لیٹے ہوئے نومولود کی وائرل تصویر۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیدائش کے فوراً بعد ایک نومولود بچے کا منفرد اور بے فکری والا انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، جس نے لاکھوں صارفین کو حیران اور محظوظ کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں اور وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق بچے کو دنیا میں آتے ہی انتہائی پُرسکون انداز میں لیٹا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیدائش کے فوراً بعد لی گئی اس تصویر اور ویڈیو میں نومولود کو دونوں ہاتھ سر کے پیچھے رکھے اور ٹانگیں ایک دوسرے پر چڑھائے اس انداز میں لیٹا دیکھا جاسکتا ہے جیسے وہ کسی شاہی شخصیت کی طرح آرام فرما رہا ہو۔ قاہرہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کے ماہر ڈاکٹر اسلام الدح نے نومولود کے اس منفرد انداز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد یہ انٹرنیٹ پر توجہ کا مرکز بن گئی۔ ویڈیو میں طبی عملے کو بچے کی ناف کی نال کاٹنے کی تیاری کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری ماہرِ اطفال نے بچے کے اس پُرسکون انداز کو رائل پوز کا نام دیا ہے۔ نومولود کے اس بے فکری بھرے انداز نے دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں اور اس پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بعض صارفین نے مذاقاً کہا کہ بچہ دنیا میں آتے ہی ریٹائرمنٹ کے لیے تیار دکھائی دیتا ہے جبکہ کچھ نے اسے بادشاہ قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق اس دلچسپ ویڈیو نے تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے اور ٹک ٹاک سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر اسے کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں۔