ہندوستان کے سابق آف اسپنر رمیشن پوار کو سینئر مردوں کی سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر پرگیان اوجھا کو نیا چیف سلکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے پیر کو بتایا کہ پرگیان اوجھا کو ان کی سینئرٹی کی بنیاد پر سلیکشن پینل کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ پینل کے 5 اراکین میں رمیش پوار نے سب سے زیادہ 24 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ اب اس سلیکشن کمیٹی میں پرگیان اوجھا، رمیش پوار، شیو سندر داس، آر پی سنگھ اور اجے راترا شامل ہیں۔
رمیش پوار کے نام کی سفارش کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) نے متفقہ طور پر کی تھی۔ اس کمیٹی میں اشوک ملہوترا اور جتن پرانجپے شامل تھے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے بی سی سی آئی کے ہیڈکوارٹر میں امیدواروں کے انٹرویو لیے اور ان کے انتخاب کے عمل کا جائزہ لیا تھا۔ ’آئی اے این ایس‘ کے مطابق رمیش پوار کا انٹرویو جونیئر سلیکشن کمیٹی کے رکن کے عہدے کے لیے بھی لیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :
48 سالہ پوار نے 2004 سے 2007 کے درمیان ہندوستان کے لیے 2 ٹیسٹ اور 31 ونڈے میچ کھیلے ہیں اور انہیں اس ذمہ داری کے لیے کافی تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے وسیم جعفر، سلیل انکولا، جیکب مارٹن اور کونر ولیمز جیسے سابق ہندوستانی اور ویسٹ زون کے کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ جگہ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں :
ممبئی کے رہنے والے پوار 2 بار ہندوستانی خواتین کی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ ان کے دور میں ٹیم نے ایشیا کپ کا خطاب جیتا تھا اور 2022 میں کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ پوار نے ممبئی کو وجے ہزارے ٹرافی کا خطاب دلانے میں بھی کوچ کی حیثیت سے مدد کی تھی۔ حال ہی میں عہدہ چھوڑنے سے قبل وہ گزشتہ 2 سیزن تک گجرات کی سینئر مردوں کی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے ہندوستان کے خلاف حال ہی میں کھیلی گئی ونڈے سیریز کے دوران آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیم کے لیے کنسلٹنٹ کوچ کی ذمہ داری بھی نبھائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں :
قابل ذکر ہے کہ سینئر سلیکشن پینل میں یہ جگہ اس وقت خالی ہوئی تھی، جب اجیت اگرکر نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جولائی 2023 میں ذمہ داری سنبھالنے والے اگرکر کی قیادت میں ہندوستانی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے ایک کامیاب دور دیکھا، جس میں ٹیم نے 3 آئی سی سی ٹرافیاں، 2 ایشیا کپ کے خطاب اور ایشین گیمز میں مسلسل 2 طلائی تمغے جیتے۔