ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان، سالانہ شرح 11.85 فیصد تک پہنچ گئی

اعداد و شمار جاری، ایل پی جی اور پٹرول مہنگا، عوام کی مشکلات بڑھ گئیں

October 25, 2026 · اہم خبریں

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کا منظر۔

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق جاری کردہ اعداد و شمار کا منظر۔

ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے جس نے تنخواہ دار طبقے، دیہاڑی دار مزدوروں، پنشنرز اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔ پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں سالانہ بنیادوں پر شرح مہنگائی 11.85 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.65 فیصد کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اداره شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق زیر جائزہ ہفتے کے دوران 51 ضروری اشیا میں سے 19 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 12 میں کمی جبکہ 20 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 22.44 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، مرغی کا گوشت 12.20 فیصد، پیاز 4.19 فیصد، شرٹنگ کپڑا 1.86 فیصد، سادہ ڈبل روٹی 1.66 فیصد اور آٹے کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ لہسن، جلانے کی لکڑی، گھی، بیف اور دال ماش بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔

دوسری جانب سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو ایل پی جی کی قیمت میں 107.12 فیصد، بجلی کے پہلے سہ ماہی چارجز میں 58.59 فیصد، پٹرول میں 44.17 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 41.56 فیصد اضافہ ہوا۔ سالانہ بنیادوں پر پیاز 72.81 فیصد، مرغی کا گوشت 38.99 فیصد، آٹا 36.49 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد، بکرے کا گوشت 14.66 فیصد اور گائے کا گوشت 12.10 فیصد مہنگا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں معمولی کمی بھی ریکارڈ کی گئی جن میں ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 21.99 فیصد، پٹرول میں 3.63 فیصد، ڈیزل میں 1.68 فیصد، کیلے میں 2.42 فیصد اور آلو میں 1.38 فیصد کمی شامل ہے۔ تاہم توانائی، ایل پی جی، آٹے اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے مہنگائی کے تمام بوجھ کو عام آدمی کے کندھوں پر منتقل کر دیا ہے جس پر عوام نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں