ایران سے ایل پی جی کی درآمد معطل ہونے کے بعد سمندری راستے سے درآمد تیز ہوگئی، ایک ہفتے میں 11 ہزار ٹن سے زائد ایل پی جی کراچی پہنچ گئی۔
پورٹ ذرائع کے مطابق بحرین سے 4,000 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر آنے والا ایک اور بحری جہاز ییلو اسٹون (Yellow Stone) 24 اکتوبر کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو گیا جس کی ہینڈلنگ شروع کر دی گئی۔
قبل ازیں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران دو بحری جہازوں کے ذریعے 7,603 میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی گئی تھی۔ پی جی سی یانیوس (PGC YIANNIOS) 4,520 میٹرک ٹن، ایس ایس جی سی ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا جبکہ بحری جہاز الیسا ون (ALISA 1) – 3,083 میٹرک ٹن، کارگو ڈسچارج مکمل کر کے روانہ ہو چکا ہے۔
اس طرح سمندری راستے سے مجموعی طور پر 11,603 میٹرک ٹن ایل پی جی کی سپلائی پورٹ قاسم پر موصول ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنی سالانہ 20 لاکھ ٹن کی کھپت کا 70 فیصد درآمد کرتا ہے، جس میں سے تقریباً 10 لاکھ ٹن ایرانی سرحد کے ذریعے آتا ہے۔ گبد-رمدان بارڈر کی بندش کے بعد گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 150 روپے فی کلو تک اضافہ دیکھا گیا تھا۔
پورٹ قاسم اتھارٹی کے مطابق درآمد شدہ یہ کھیپ گھریلو اور تجارتی صارفین کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔