لاکھوں روپے کے نئے فولڈ ایبل آئی فون میں اچانک خرابی

کیلیفورنیا : نئے فولڈ ایبل آئی فون کے خریدار مشکل میں پڑگئے، اچانک لاکھوں روپے مالیت کے فون کی اسکرین ٹوٹنے کی شکایات سامنے آگئیں۔

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون آئی فون ڈیو کی فروخت شروع ہوتے ہی بعض صارفین نے فون کی اندرونی فولڈنگ اسکرین میں دراڑیں پڑنے کی شکایات کی ہیں، جس کے بعد ڈیوائس کے ڈیزائن اور پائیداری سے متعلق سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ٹیکنالوجی سے متعلق رپورٹس کے مطابق بعض متاثرہ فونز میں فولڈ ہونے والے حصے کے قریب اسکرین خراب ہوئی۔ ابتدائی معائنے میں ہنج یعنی فون کو کھولنے اور بند کرنے والے میکانزم کے ایک پرزے کو اسکرین کو نقصان پہنچنے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

apple iphone duo apple iphone duo

صارفین نے سوشل میڈیا پر اس ممکنہ خرابی کو ’ہنج گیٹ‘ کا نام دینا شروع کردیا ہے، تاہم یہ اصطلاح فی الحال غیر رسمی طور پر استعمال کی جارہی ہے اور ایپل نے اس مسئلے کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ میک رومرز کی کے مطابق بعض صارفین نے اندرونی ڈسپلے پر ہنج کے قریب دراڑیں پڑنے کی تصاویر اور شکایات شیئر کی ہیں۔

فولڈ ایبل فون میں ہنج ایک بنیادی میکانزم ہوتا ہے جو ڈیوائس کو کھولنے اور بند کرنے میں مدد دیتا ہے، اس لیے اس حصے میں خرابی براہِ راست اسکرین پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ایپل انسائیڈر کے مطابق یوٹیوبر ’کیوریئس ہیگی‘ نے آئی فون ڈیو کو مختلف آزمائشوں سے گزارنے کے بعد اس کے اندرونی حصوں کا جائزہ لیا۔ فون کو گردوغبار کے ماحول میں رکھنے کے علاوہ ہنج پر مخالف سمت سے دباؤ بھی ڈالا گیا۔

آزمائش کے دوران فون کو دوبارہ بند کرنے میں دشواری پیش آئی۔ بعد ازاں اسے کھولنے کی کوشش کے دوران چٹخنے کی آواز سنائی دی اور اندرونی اسکرین پر دراڑ ظاہر ہوگئی۔

فون کو کھول کر معائنہ کرنے پر ہنج کے اندر ایک ٹوٹا ہوا پرزہ ملا جو اوپری حصے سے منسلک تھا۔ ابتدائی جائزے میں یہ پرزہ ہنج کے دیگر اجزا کے مقابلے میں نسبتاً پتلا دکھائی دیا۔ اس کے قریب موجود حصوں اور اندرونی اسکرین پر بھی ایسے نشانات نظر آئے جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ دباؤ یا کسی اندرونی پرزے کے ٹکرانے سے نقصان پہنچا ہوسکتا ہے۔

چین سمیت بعض دیگر ممالک سے بھی ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں فولڈنگ اسکرین کے درمیانی حصے میں روشن لکیریں اور دراڑیں دکھائی دیتی ہیں۔ تاہم ان واقعات کی تعداد ابھی واضح نہیں اور یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ مسئلہ چند مخصوص ڈیوائسز تک محدود ہے یا مستقبل میں بڑے پیمانے پر سامنے آسکتا ہے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق صرف ابتدائی واقعات کی بنیاد پر اسے ڈیزائن یا مینوفیکچرنگ کی باقاعدہ خرابی قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ اس کے لیے مزید صارف رپورٹس، تکنیکی تجزیوں اور کمپنی کی جانب سے وضاحت کا انتظار کرنا ہوگا۔

ایپل نے تاحال آئی فون ڈیو کی اسکرین میں دراڑوں کے واقعات اور ہنج کے ممکنہ کردار پر باضابطہ مؤقف یا حتمی نتائج جاری نہیں کیے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں