آئی فون کی جعلی فروخت کی اسکیموں کے بارے میں کیسپرسکی نے خبردار کردیا

ایپل کا آئی فون ڈوؤ (iPhone Duo) باضابطہ طور پر فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ کمپنی نے پہلی مرتبہ فولڈ ایبل فون کی مارکیٹ میں قدم رکھا ہے۔ تاہم، اس اہم اور نمایاں پروڈکٹ کی رونمائی نے سائبر فراڈ کرنے والوں کو بھی ایک سنہری موقع فراہم کردیا ہے، جو اس مہنگے اور جدید فون کو جلد از جلد حاصل کرنے کے خواہش مند صارفین کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے ماہرین نے دنیا کے مختلف حصوں میں صارفین کو نشانہ بنانے والی دھوکہ دہی کی متعدد کوششوں کا انکشاف کیا ہے۔

کیسپرسکی کے مطابق، انگریزی زبان میں تیار کی گئی ایک جعلی ویب سائٹ پر صارفین کو آئی فون ڈوؤ کی خریداری پر 25 فیصد رعایت دینے کا دعویٰ کیا گیا۔ اس ویب سائٹ کا ڈیزائن ایپل کی آفیشل ویب سائٹ سے کافی حد تک مشابہت رکھتا تھا، جبکہ اس پر ایک کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر بھی موجود تھا، جس کے ذریعے صارفین کو بتایا جا رہا تھا کہ خصوصی پیشکش ختم ہونے میں صرف 30 منٹ باقی ہیں۔ اس حربے کا مقصد صارفین میں مصنوعی عجلت پیدا کرنا اور انہیں سوچے سمجھے بغیر خریداری کا فیصلہ کرنے پر مجبور کرنا تھا۔

خریداری کے آخری مرحلے پر صارفین سے ان کے رابطے کی معلومات اور سامان کی ترسیل کا پتہ طلب کیا جاتا تھا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس مرحلے پر ویب سائٹ صارفین سے بینک کارڈ کی تفصیلات طلب نہیں کرتی تھی، بلکہ یہ دعویٰ کیا جاتا تھا کہ کمپنی کا ایک نمائندہ بعد میں صارف سے رابطہ کرکے ڈیلیوری اور ادائیگی کی تفصیلات کی تصدیق کرے گا۔ ماہرین کے مطابق، اس نوعیت کا طریقہ کار اکثر مالی دھوکہ دہی کی ابتدائی کڑی ثابت ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

کیسپرسکی کے مطابق، اس نوعیت کی جعلی پیشکشیں صرف انگریزی بولنے والے صارفین تک محدود نہیں ہیں۔ کمپنی نے ایسی متعدد جعلی ویب سائٹس کی بھی نشاندہی کی ہے جو مختلف زبانوں میں دستیاب ہیں اور صارفین کو اپنی پسند کی زبان منتخب کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔

کیسپرسکی میں ویب مواد کی سینئر اینالسٹ اولگا التوخوفا نے اس حوالے سے کہا کہ ”جب بھی کوئی بڑی کمپنی اپنا نیا فلیگ شپ ڈیوائس متعارف کراتی ہے تو سائبر فراڈ کرنے والے فوری طور پر سرگرم ہو جاتے ہیں، کیونکہ نئی مصنوعات کے بارے میں غیر معمولی جوش و خروش صارفین میں جلد بازی پیدا کرتا ہے اور یہی جلد بازی ان کی احتیاط کو کم کر دیتی ہے۔ اس قسم کی دھوکہ دہی کی مہمات کو اس انداز میں تیار کیا جاتا ہے کہ وہ بظاہر قابلِ اعتماد دکھائی دیں اور صارف کو کسی بھی قسم کی تصدیق کا موقع ملنے سے پہلے نجی رابطے کی طرف راغب کر دیا جائے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ”سائبر مجرموں کے لیے مہنگے فلیگ شپ فون خریدنے والے صارفین خاص طور پر اہم ہدف ہوتے ہیں، کیونکہ ایسے افراد پہلے ہی بڑی رقم خرچ کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں اور اس وجہ سے ان کی جانب سے ذاتی معلومات یا ادائیگی سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ غیر سرکاری رعایتی پیشکشوں، پیشگی بکنگ اور فون کی دستیابی کی تصدیق کے نام پر کی جانے والی پیشکشوں کو دھوکہ دہی کی ممکنہ علامات سمجھنا چاہیے۔”

کیسپرسکی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نئے اسمارٹ فونز اور دیگر الیکٹرانک مصنوعات کی خریداری ہمیشہ آفیشل اور معتبر اسٹورز سے کریں تاکہ جعلی پیشکشوں اور آن لائن دھوکہ دہی سے محفوظ رہ سکیں۔ کمپنی کے مطابق، صارفین کو کیسپرسکی پریمیئم جیسے قابلِ اعتماد سیکیورٹی سلوشنز استعمال کرنے چاہییں، جو جعلی آن لائن اسٹورز کی نشاندہی کرنے اور فشنگ لنکس کو بلاک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین اپنی لاگ اِن تفصیلات اور مالی معلومات کو کیسپرسکی پاس ورڈ مینیجر میں محفوظ رکھ سکتے ہیں، جو محفوظ آٹو فِل اور مختلف ڈیوائسز کے درمیان معلومات کی ہم آہنگی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں