دہلی-این سی آر میں موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے۔ قومی راجدھانی اور آس پاس کے علاقوں میں کہیں ہلکی بوندا باندی ہو رہی ہے تو کہیں تیز بارش دیکھنے کو مل رہی ہے۔ موسم میں آئی اس تبدیلی کے درمیان محکمہ موسمیات نے دہلی کے لیے یلو الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں پورے دن موسم میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ بارش کے سبب راجدھانی اور این سی آر کے الگ الگ علاقوں میں ٹھنڈ کی دستک بھی محسوس کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف گردابی طوفان ’ارنب‘ نے اڈیشہ کے ساتھ ساتھ کچھ دوسری ریاستوں میں بھی اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ ارنب کے اثر سے اڈیشہ کے رائے گڑا ضلع میں شدید بارش ہو رہی ہے، حالانکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بارش کی شدت میں پہلے کے مقابلہ کچھ کمی ضرور ہوئی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے احتیاطاً سبھی محکموں کو الرٹ پر رکھا ہے۔ ضلع کلکٹر آشوتوش کلکرنی نے بتایا کہ ضلع میں امید سے کم بارش درج کی گئی ہے اور فی الحال کسی بڑے خطرے کا اندیشہ نہیں ہے۔
ارنب کا اثر اتر پردیش میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے اور محکمہ موسمیات نے 30-29 اکتوبر کو ریاست کے کئی حصوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی لکھنؤ نے مشرقی اتر پردیش کے کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ آندھی و طوفان اور بجلی گرنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کا اثر ریاست کے کشی نگر، مہاراج گنج، سدھارتھ نگر، لکھنؤ، بارابنکی اور آس پاس کے خطوں میں بھی دیکھنے کو ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں :
قابل ذکر ہے کہ ارنب کا سب سے زیادہ اثر آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں دیکھنے کو ملا، جہاں بدھ کی صبح یہ شدید سمندری طوفان کے گزرنے کے بعد مختلف مقامات پر 8 افراد کی موت ہو گئی۔ اس طوفان کے نتیجے میں شدید بارش ہوئی، سینکڑوں درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے، مکانات اور سڑکوں کو نقصان پہنچا، بجلی کی فراہمی اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا اور ساحلی اضلاع میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ طوفان کی آمد سے قبل آندھرا پردیش کے ساحلی اضلاع میں 20 ہزار سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔