دہلی میں انڈیا بلاک کی عظیم الشان ریلی کو لے کر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔ اس دوران لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بی جے پی پر بڑا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی کے کناٹ پلیس میں بی جے پی نے زبردستی تمام دکانیں بند کرا دی ہیں۔ راہل گاندھی نے سوال اٹھایا کہ آخر تاجروں کو نقصان کون پہنچا رہا ہے؟
رام لیلا میدان میں منعقدہ عظیم الشان ریلی میں شامل ہونے کے لیے کناٹ پیلس سے گزرتے ہوئے راہل گاندھی نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے سب لوگوں سے کہا تھا کہ جب آپ مارچ اور عظیم الشان ریلی میں شرکت کے لیے یہاں آئیں تو چیزیں خریدیں، خریداری کریں۔ لیکن یہاں کناٹ پلیس آتے ہوئے ہمیں معلوم ہوا کہ بی جے پی نے تمام دکانیں زبردستی بند کرا دی ہیں۔ تو آپ جان لیجیے کہ تاجروں کو نقصان کون پہنچا رہا ہے اور یہ سب کیسے ہو رہا ہے!‘‘
اس سے قبل ہفتہ کی دیر رات راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ویڈیو شیئر کر ریلی میں آنے والے لوگوں سے مقامی تاجروں کی مدد کرنے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’نمسکار، کل لاکھوں لوگ رام لیلا مارچ کے لیے دہلی آ رہے ہیں۔ تہواروں کا موسم ہے۔ دیوالی، چھٹھ اور بھائی دوج کا وقت ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ باہر سے دہلی آنے والے لاکھوں لوگ یہاں کے تاجروں کی مدد کریں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ’’احتجاج، مارچ اور ریلی کیجیے، ساتھ میں تھوڑی سی خریداری بھی کیجیے، اس سے تاجروں کو فائدہ ہوگا۔ میں جانتا ہوں کہ ریلی سے تاجروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ بی جے پی خوف زدہ ہے، اسی لیے افواہیں پھیلا رہی ہے۔ لیکن ہم دونوں کام کریں گے۔ کل مارچ بھی ہوگا، ریلی بھی ہوگی اور لاکھوں لوگ ہمارے تاجروں کی چھوٹی چھوٹی دکانوں سے سامان بھی خریدیں گے۔ آپ سب کو بہت بہت پیار۔ دیوالی مبارک۔ جے ہند۔‘‘