بہار میں 12 نومبر سے ہوگا ’ایس ایس آر‘، 11 دسمبر تک ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کا موقع

بہار میں ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کا عمل 12 نومبر سے شروع ہوگا۔ الیکشن کمیشن 11 دسمبر 2026 تک ووٹر لسٹ کی خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر) کرائے گا۔ اس دوران اہل نوجوانوں، معذور افراد اور ان لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جن کے نام اب تک ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہو سکے ہیں۔ بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر نے بدھ (4 نومبر) کو یہ اطلاع دی۔

سی ای او دفتر کے بیان کے مطابق اس نظرثانی کے لیے یکم جنوری 2027 کو اہلیت کی تاریخ مقرر کیا گیا ہے۔ یعنی اس تاریخ تک اہلیت کی شرائط پوری کرنے والے شہری ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرانے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر مادھو کمار سنگھ کی صدارت میں ریاستی سطح کی قابل رسائی انتخابی انتظامی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔

میٹنگ میں معذور افراد کی انتخابی عمل میں شرکت بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ووٹنگ کے دن ان کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر پونم کماری نے بتایا کہ اہل معذور افراد آن لائن اور آف لائن، دونوں طریقوں سے ووٹر لسٹ میں اپنا نام درج کرا سکتے ہیں۔ ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کے لیے فارم-6 پُر کرنا ہوگا۔ نام حذف کرانے کے لیے فارم-7 استعمال کیا جائے گا۔ پتہ تبدیل کرانے، نام یا دیگر تفصیلات میں اصلاح، ووٹر شناختی کارڈ تبدیل کرانے اور معذور ووٹر کے طور پر اندراج کے لیے فارم-8 پُر کرنا ہوگا۔

میٹنگ میں ووٹر خدمات کو آسان بنانے کے لیے دستیاب ڈیجیٹل ذرائع کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان میں ووٹر سروس پورٹل، ہیلپ لائن نمبر 1950، سکشم ایپ اور ای سی آئی نیٹ ایپ شامل ہیں۔ میٹنگ میں ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر اشوک پریہ درشی، منوج کمار سنگھ، رتنامبر نیلئے اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ڈائریکٹر این کے اگروال سمیت کئی افسران موجود تھے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں