پاکپتن میں مسافر بس اور ٹریلر میں خوفناک تصادم، 11 افراد جاں بحق، 33 زخمی

حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس بری طرح تباہ ہو گئی، متعدد مسافر اندر ہی پھنس کر رہ گئے

November 5, 2026 · اہم خبریں, قومی

جائے حادثہ کا دردناک منظر

جائے حادثہ کا دردناک منظر

دیپالپور : دیپالپور روڈ پر 17 ایس پی کے قریب مسافر بس اور آلوؤں سے لدے ٹریلر کے درمیان خونی تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 33 شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملتان سے لاہور جانے والی تیز رفتار مسافر بس سامنے سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس بری طرح تباہ ہو گئی اور متعدد مسافر اندر ہی پھنس کر رہ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں پیرا فورس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور بس کی باڈی کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا۔ خبر ملتے ہی ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈی پی او جاوید اقبال بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

ضلعی انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جہاں تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں