محمد تسکین
بانہال/جموں سری نگر قومی شاہراہ پر چملواس کے شال گڈی علاقے کے نزدیک پیر کی صبح ایک گاڑی گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔اطلاعات کے مطابق ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر UP-14CX-6859دہلی سے سری نگر کی طرف جارہی تھی کہ شال گڈی، چملواس کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او بانہال عاشق حسین لون کی قیادت میں پولیس ٹیم اور بانہال کی غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے رضاکار، جن کی قیادت صدر محمد ادریس وانی کررہے تھے، جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور مشترکہ ریسکیو آپریشن کے دوران تینوں افراد کو کھائی سے بحفاظت نکال لیا۔زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال بانہال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کی شناخت 45 سالہ محمد جاوید ولد محمد حفیظ ساکن صدر بازار دہلی، 30 سالہ عدنان سامی ولد انزار حسین ساکن مرادآباد اتر پردیش اور 29 سالہ روہت ولد کرشنا ساکن دہلی کے طور پر ہوئی ہے۔محمد جاوید کو سر اور دونوں ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں، جنہیں مزید علاج کے لیے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر دو زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔